بنگلہ دیشی حکومت نے بھارت کے وزیر داخلہ امیت شاہ کے جھارکھنڈ میں بنگلہ دیشی شہریوں کے بارے میں کیے گئے حالیہ ریمارکس کے خلاف احتجاج درج کرایا اور ان تبصروں کو ”انتہائی افسوسناک“ قرار دیا۔
بنگلہ دیش کی وزارت خارجہ نے احتجاجی نوٹ ڈھاکہ میں بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر کے حوالے کیا، جس میں ”سنگین تحفظات اور شدید ناراضگی“ کا اظہار کیا گیا۔
گزشتہ ہفتے جھارکھنڈ کے اپنے دورے کے دوران امت شاہ نے کہا تھا کہ اگر لوگ جھارکھنڈ میں پارٹی کو اقتدار کے لیے منتخب کرتے ہیں تو بی جے پی ”ہر بنگلہ دیشی درانداز کو سبق دینے کے لیے الٹا لٹکا دے گی۔“
ڈھاکہ ٹریبیون کے مطابق بنگلہ دیش کی حکومت نے نئی دہلی پر زور دیا کہ وہ اپنے سیاسی رہنماؤں کو ایسے ”قابل اعتراض اور ناقابل قبول“ بیانات دینے سے خبردار کرے۔
احتجاجی نوٹ میں کہا گیا کہ ’’وزارت اپنے شدید تحفظات اور شدید ناراضگی کا اظہار کرتی ہے اور بھارتی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے وہ سیاسی رہنماؤں کو اس طرح کے قابل اعتراض اور ناقابل قبول تبصرے کرنے سے باز رہنے کی ہدایت کریں۔
علاوہ ازیں وزارت نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایک پڑوسی ملک کے شہریوں کے خلاف ذمہ دار عہدوں سے آنے والے ایسے ریمارکس دونوں ممالک کے درمیان باہمی احترام اور افہام و تفہیم کے جذبے کو مجروح کرتے ہیں۔