Aaj Logo

شائع 24 ستمبر 2024 09:55am

سوات میں غیرملکی سفارت کاروں کے قافلے پر حملے کے بعد امریکا کا ردعمل سامنے آگیا

امریکی محکمہ خارجہ نے خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں مالم جبہ روڈ پر غیر ملکی سفارت کاروں کے قافلے پر حملے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز غیر ملکی سفارت کاروں کے قافلے کو دھماکہ خیز مواد سے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی، قافلے کی سکیورٹی پر معمور پولیس موبائل دھماکے کی زد میں آگئی، جس کے نتیجے میں چار پولیس اہلکار زخمی ہوئے، دوران علاج ایک زخمی اہلکار برہان خان دم توڑ گیا تھا، جبکہ تمام سفارت کار محفوظ رہے۔ غیر ملکی سفارت کاروں کے قافلے پر حملہ جہان آباد کے قریب کیا گیا ہے۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ملاکنڈ محمد علی گنڈا پور کے مطابق قافلے میں بوسنیا، روس، ویتنام، ایتھوپیا روانڈا، زمبابوے، انڈونیشیا ازبکستان، ترکمانستان، قازقستان اور پرتگال کے سفارت کار شامل تھے۔

اس حوالے سے امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان کےمالم جبہ میں حملے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ پاکستانی عوام نے دہشت گردی میں بہت نقصان اٹھایا، ہم لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ نے مزید کہا کہ امریکا دہشتگردی کیخلاف پاکستان کے ساتھ ہے۔

سوات میں غیر ملکی سفارت کاروں کے قافلے پر حملہ، ایک پولیس اہلکار جاں بحق 3 زخمی

Read Comments