بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بروری روڈ پر حجام کی دکان میں بیٹھے شخص کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کردیا۔
نامعلوم افراد نے حجام کی دکان میں بیٹھے شخص پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
واقعے کے بعد پولیس اور ریسکیو رضاکار جائے وقوعہ پر پہنچے جہاں قانونی کارروائی کے بعد مزید ضابطے کی کارروائی کیلئے مقتول کی لاش کو اسپتال منتقل کیا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کا تعلق پنجاب کے ضلع بہاولپور سے تھا۔ مقتول کی شناخت 55 سالہ مجاہد کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ عینی شاہدین کے مطابق ملزمان موٹرسائیکل پر آئے اور واردات کے بعد فرار ہوگئے۔
پولیس نے شواہد اکھٹے کرنے کے بعد ملزمان کی گرفتاری کیلئے اقدامات شروع کردیے۔