Aaj Logo

اپ ڈیٹ 23 ستمبر 2024 05:20pm

لاہور جلسہ بھاری پڑگیا، پی ٹی آئی اراکین اسمبلی جھگڑ پڑے، شیخ امتیاز کی تردید

لاہور:پاکستان تحریک انصاف کا لاہور جلسہ پارٹی کو بھاری پڑگیا۔ ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی کے اندراراکین اسمبلی دست و گریباں ہوگئے، صدر پی ٹی آئی لاہورشیخ امتیاز محمود اور فرخ جاوید مون دست و گریباں ہوئے۔

ذرائع کے مطابق اراکین اسمبلی کی موجودگی میں فرخ جاوید مون اور شیخ امتیاز کی لڑائی ہوئی جبکہ جھگڑے کے دوران اپوزیشن لیڈربھی موجود تھے۔ رہنما پی ٹی آئی سندھ فردوس شمیم نقوی بھی اجلاس میں شریک تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس کے دوران فردوس شمیم نقوی نے خراب پرفارمنس پر سوال اٹھایا اور کہا کہ جلسہ توقعات کے مطابق نہیں تھا، جلسہ 6 بجے ختم نہیں کرنا چاہیے تھا۔

ذرائع کے مطابق اس دوران شیخ امیتاز نے جواب دیا کہ اتنی سختیوں میں ایسا جلسہ بھی غنیمت ہے، ہمارا 35 لاکھ روپےلگ گیا، جوابھی ادا کرنا ہے۔

اس دوران فرخ جاوید مون نے سوال اٹھایا کہ 35 لاکھ روپے کیسے لگ گئے؟جلسے ہم نے بھی کیے ہیں،فرخ جاوید مون کی بات پر شیخ امتیاز طیش میں آگئے اور دونوں کے درمیان سخت تلخ کلامی ہوئی اور بات بڑھتے ہوئے ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔

تحریک انصاف لاہور کے صدر شیخ امتیاز نے آپسی لڑائی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایسی کوئی ہاتھا پائی نہیں ہوئی، پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ ہوئی جس کا اعلامیہ جاری ہوا، اعلامیے میں جلسے کے حوالے سے پارٹی کی کارکردگی کو سراہا گیا، پارلیمانی لیڈر کے کردار کو بھی سراہا گیا۔

شیخ امتیاز نے کہا کہ میٹنگ ہوئی، ہم نے حلوہ پوری کھائی اور باہر آگئے، کئی چینلز کو لڑائی کی خبریں چلانے کا فضول شوق ہے وہ اسے پورا کرلیں۔

صحافی نے سوال کیا کہ آپ کے ہاتھ اور گردن پر خراشیں ہیں؟ جس پر انہوں نے کہا کہ بھائی کون سا نشان، یہ الٹا ہاتھ ہے سیدھا ہاتھ ہوتا تو پھر آپ کہتے۔

Read Comments