Aaj Logo

شائع 23 ستمبر 2024 12:12pm

دنیا کا مشکل ترین ائیرپورٹ جہاں صرف 50 پائلٹس جہاز اتارنا جانتے ہیں

تجربہ کار پائلٹس ہوائی جہاز کو اڑانے اور اتارنے کا بخوبی اندازہ رکھتے ہیں، وہ دنیا بھر کے ممالک کے سفر پر کئی مسافروں کے ساتھ جاتے ہیں اور مختلف ملکوں کے ائیرپورٹس پر طیارے کی اڑان بھرنے اور لینڈنگ میں مہارت رکھتے ہیں۔

مگر دنیا میں ایک ایسا ائیرپورٹ بھی ہے جہاں ہوائی جہاز اتارنا پر پائلٹ کے بس کی بات نہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھوٹان کا پیرو انٹرنیشنل ائیرپورٹ ہمالیہ کے درمیان واقع ہے جہاں پر مسافر طیارے کی لینڈنگ تکنیکی اعتبار سے دنیا میں سب سے مشکل سمجھی جاتی ہے۔

چین اور بھارت کے درمیان واقع بھوٹان 97 فیصد پہاڑوں سے گھرا ہوا ہے، اس کا دارالحکومت تھمپو سطح سمندر سے 7 ہزار 710 فٹ (2,350 میٹر) بلندی پر ہے، تاہم پیرو ایئرپورٹ کا علاقہ قدرے نیچے ہے، جوکہ 7 ہزار 382 فٹ پر ہے۔

پائلٹس کو رن وے تک پہنچنے کے لیے انتہائی اونچے پہاڑوں سے گزرنا پڑتا ہے، جس سے لینڈنگ دشوار ہوجاتی ہے۔ دنیا بھر میں صرف 50 خصوصی تربیت یافتہ پائلٹس ایسے ہیں جو پیرو ائیرپورٹ پر پرواز اتارنے اور اڑانے میں مہارت رکھتے ہیں۔

ڈرک ایئر کے کیپٹن چیمی دورجی نے کہا کہ پیرو ائیرپورٹ پر پرواز کے لیے پائلٹس کو مقامی معلومات اور خصوصی تربیت کی ضرورت ہوتی ہے۔

اس کے علاوہ بھوٹان کا غیر متوقع موسم پیرو ہوائی اڈے میں پرواز کو اور بھی مشکل بنا دیتا ہے۔ پائلٹ عام طور پر دوپہر کے وقت پرواز کرنے سے گریز کرتے ہیں جب ہوائیں تیز چلتی ہیں تو لینڈنگ کو مشکل بنا دیتی ہیں۔

Read Comments