Aaj Logo

شائع 22 ستمبر 2024 02:15pm

امریکی صدر ایک بار پھر الجھن کا شکار، اسٹیج پر مودی کو متعارف کرانا ہی بھول گئے

امریکی صدر جوبائیڈن کی ہر بات بھولنے کے عادت تھم نہ سکی، جوبائیڈن اسٹیج پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا تعارف کرانا ہی بھول گئے۔ جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

رپورٹس کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کواڈ رہنماؤں کے اجلاس میں 3 روزہ دورے پر امریکا گئے ہیں جہاں آج ان کی ملاقات صدر بائیڈن سے ہوئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست ڈیلاویئر میں امریکی صدر جو بائیڈن کی صدارت میں کواڈ رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں امریکی صدر کے علاوہ جاپان، آسٹریلیا اور بھارت کے وزرائے اعظم نے شرکت کی۔

رپورٹ کے مطابق امریکی صدر نے تقریب میں کینسر مون شاٹ اقدام پر گفتگو کی جس کے بعد انہیں اسٹیج پر وزیر اعظم مودی کو مدعو کرنا تھا مگر اس دوران وہ یہ تک بھول گئے کہ وہ ایک پریس کانفرنس میں کھڑے ہیں۔

جو بائیڈن اسٹیج پر وزیر اعظم مودی کو متعارف کروانے والے تھے مگر وہ الجھن کا شکار نظر آئے اور انہیں یہ یاد ہی نہیں رہا کہ اب انہیں کیا کرنا ہے۔

جو بائیڈن کا پریشانی کے عالم میں کہنا تھا کہ میں آگے کس کا تعارف کروا رہا ہوں؟ پھر انہوں نے پوچھا کہ اگلا کون ہے؟

پھر تقریب کے ناظم نے وزیر اعظم مودی کے نام کا اعلان کیا جس کے بعد وہ خطاب کے لیے اسٹیج پر آئے۔

بائیڈن کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے ان پر مضحکہ خیر تبصرے کیے جا رہے ہیں۔

Read Comments