Aaj Logo

اپ ڈیٹ 22 ستمبر 2024 12:11am

ورلڈ 6 ریڈ اسنوکر چیمپئن شپ: پاکستان نے پہلا میچ جیت لیا

آئی بی ایس ایف ورلڈ 6 ریڈ اسنوکر چیمپئن شپ 2024 کے پہلے روز پاکستان نے اپنا پہلا میچ جیت لی، پاکستانی کھلاڑی اسجد اقبال اور اویس منیر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

منگولیا میں شروع ہونے والی چیمپئن شپ میں دنیا بھر سے 40 کھلاڑی شریک ہیں، جنہیں 10 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر گروپ سے دو کھلاڑی ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچیں گے۔

پاکستان کے کیوئسٹ اسجد اقبال نے پہلے روز منگولیا کے اولزیتوگ داواسورن کو با آسانی 1-4 سے شکست دی۔

اسجد نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو مرتبہ 75 کے بریک کھیلے۔ اسجد کی فتح کا فریم اسکور 18-50، 0-75، 0-82، 0-73 اور 0-64 رہا۔

اویس منیر نے بھی زبردست کم بیک کرتے ہوئے منگولیا کے میندسائیکان ایرڈن کو 2-4 سے ہرایا۔ اویس نے دو فریمز میں خسارے میں ہونے کے باوجود بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے میچ اپنے نام کیا۔ ان کے میچ کے فریم اسکور 0-64، 20-45، 0-54، 10-54، 21-53 اور 15-46 رہا۔

ایشین اسنوکر چیمپئن شپ کیلئے پاکستان اسنوکر ٹیم کا اعلان

چیمپئن شپ کے دوسرے روز پاکستان کے اسجد اقبال کا مقابلہ بھارت کے پانڈ ورانگایا سے اور اویس منیر کا سنگاپور کے جیا جن اونگ سے ہوگا۔

اسی روز شام کو اسجد کا سامنا عراق کے علی جلیل علی اور اویس کا اسرائیل کے شاچر روبیرگ سے ہوگا۔

ایونٹ میں ناک آؤٹ مرحلے کے میچز 22 ستمبر سے شروع ہوں گے، جب آخری 20 اور آخری 16 کے مقابلے کھیلے جائیں گے جبکہ 24 ستمبر کو کوارٹر فائنل اور سیمی فائنل ہوں گے۔ فائنل 25 ستمبر کو ہوگا۔

Read Comments