مشہور اسلامک اسکار ڈاکٹر ذاکر نائیک نے شیخ فارق نائیک کے ہمراہ پاکستان آنے کی تاریخ کا اعلان کردیا۔
رپورٹ کے مطابق مذہبی اسکالر کی جانب سے اپنے سوشل میڈیا آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے کی گئی ایک پوسٹ میں اعلان کیا گیا کہ حکومت پاکستان کی دعوت پر ڈاکٹر ذاکر نائیک اور شیخ فارق نائیک پاکستان کے دورے پر آئیں گے۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک کی سوشل میڈیا پوسٹ میں دورہ پاکستان کا شیڈول بھی درج تھا جس میں اعلان کیا گیا کہ وہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے۔
آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر جاری شیڈول کے مطابق ڈاکٹر ذاکر نائیک 5 سے 6 اکتوبر کو کراچی، 12سے 13 اکتوبر لاہور جبکہ 19 اور 20 اکتوبر کو اسلام آباد میں لوگوں سے خطاب کریں گے۔
واضح رہے عالمی شہریت یافتہ مبلغِ اسلام ڈاکٹر ذاکر نائیک نے یوٹیوبر کے حالیہ پوڈ کاسٹ میں کہا تھا کہ وہ اگر چاہتے تو بھارت سے نکل کر ملائیشیا جانے کے بجائے پاکستان میں بھی مستقل رہائش اختیار کرسکتے تھے مگر انہوں نے بعض وجوہات کی بنیاد پر ایسا نہیں کیا۔
انہوں نے بتایا کہ 2019 میں جب اس بات کا یقین ہوگیا کہ اب بھارت جانے کا کوئی امکان نہیں تو انہوں نے پاکستان آنے کا فیصلہ کیا تاہم کورونا کی وبا کے باعث ایسا نہ کرسکے۔