نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے وفات پانے والے افراد کے شناختی کارڈز (سی این آئی سی) کی منسوخی کے عمل کو آسان بنایا ہے تاکہ ان کے غلط استعمال کی روک تھام یقینی بنائی جاسکے۔
وفات پانے والے کے ڈیتھ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے اور اس کے شناختی کارڈ کو مسنوخ کرنے سے متعلق درپیش مشکلات کے پیش نظر نادرا نے اقدام اٹھایا ہے۔
نئے ضوابط کے تحت متوفی کا کوئی بھی قریبی رشتہ دار (متوفی کے والدین، شریک حیات، بچے، بھائی، بہن اور جن کا اندراج متوفی کے خاندانی ریکارڈ میں موجود ہو) ضروری دستاویزات فراہم کرکے وفات پانے والے شخص کا سی این آئی سی منسوخ کراسکتا ہے۔
ضروری یا مطلوبہ دستاویزات میں متوفی کا اصل شناختی کارڈ یا اصل شناختی کارڈ نہ ہونے کی صورت میں شناختی کارڈ نمبر، یونین کونسل، کنٹونمنٹ بورڈ یا تحصل میونسپل دفتر سے جاری شدہ کمپیوٹرائزڈ ڈیتھ سرٹیفکیٹ اور تدفین کا سرٹیفکیٹ شامل ہیں۔
واضح رہے کہ وفاقت کی صورت میں شناختی کارڈ منسوخ کرانے کی کوئی فیس نہیں وصول کی جاتی اور منسوخی سرٹیفکیٹ کی فراہمی 7 دن میں ہوتی ہے۔
غلط استعمال کو روکنے کے لیے نادرا اس بات کو یقینی بنائے گا کہ رجسٹریشن سنٹر میں متوفی کا اصل شناختی کارڈ ضائع کردیا جائے۔
اگر آپ اپنے کسی فوت شدہ رشتہ دار کے نام پر جاری شدہ سم استعمال کررہے ہیں تو متعلقہ بلدیاتی ادارے میں وفات کا اندراج کرائیں، نادرا سے شناختی کارڈ م نسوخ کرائیں اور پی ٹی اے کی طرف سے بتائے گئے طریقہ کار کے مطابق موبائل سم اپنے نام پر منتقل کرائیں۔
واضح رہے کہ حکومت کی ہدایت پر فوت شدہ افراد کے نام پر جاری شدہ موبائل سمز 15 اکتوبر 2024 سے پی ٹی اے کی جانب سے بلاک کردی جائے گی۔