انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کے وفد نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے پاکستان کی جانب سے کیے گئے سیکیورٹی انتظامات کو تسلی بخش قرار دے دیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیٸرمین محسن نقوی سے آئی سی سی کے وفد کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آٸی سی سی وفد کی سینئر مینجر ایونٹس سارہ ایڈگر، ایونٹ مینجر اور چیمپئنز ٹرافی ایونٹ لیڈ عون محمد زیدی، جنرل مینجر کرکٹ وسیم خان، سیکیورٹی مینجر ڈیوڈ مسکر نے چیٸرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات کے دوران آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے سیکیورٹی انتظامات پر بھی بات چیت کی۔
آئی سی سی کے وفد نے کراچی اور راولپنڈی میں چیمپئنز ٹرافی کے لیے کیے گئے انتظامات اور سیکیورٹی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوے تسلی بخش قرار دیا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے عالمی معیار کے انتظامات کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا کام چیمپئنز ٹرافی سے قبل ہر صورت مکمل کر لیا جائے گا، تمام ٹیموں کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کا پاکستان میں انعقاد ایک اعزاز ہے، جتنا بڑا ٹورنامنٹ ہے اس کے مطابق انتظامات کو حتمی شکل دے رہے ہیں، تمام ٹیموں کے کھلاڑی پرامن اور محفوظ ماحول میں کرکٹ کے کھیل کو انجوائے کریں گے۔
محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ اپ گریڈیشن کے بعد سٹیڈیمز میں بین الاقوامی معیار کی سہولتیں ہوں گی اور شائقین کرکٹ میچز سے زیادہ محظوظ ہوں گے، پاکستانی قوم کرکٹ کے کھیل سے محبت کرتی ہے اور تمام ٹیموں کو سپورٹ کرتے ہیں۔
ملاقات میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ، ڈائریکٹر سیکیورٹی کرنل ریٹائرڈ خالد محمود اور ہیڈ آف مارکیٹنگ سلمان مسعود بھی موجود تھے۔