Aaj Logo

اپ ڈیٹ 20 ستمبر 2024 06:12pm

پی ٹی ئی کے لاہور جلسے کی تیاریاں، خیبرپختونخوا سے قافلے صوابی میں جمع ہوں گے

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 21 ستمبر کو لاہور جلسے کے لیے حکمت عملی تیار کرلی گئی۔

پارٹی ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے لاہور جلسے کے حوالے سے حکمت عملی تیار کرلی، علی امین گنڈاپور نے مختلف ریجنز کی میٹنگز میں ورکرز لانے کا ٹاسک سونپ دیا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور سے پشاور، ہزارہ، ساؤتھ اور مالاکنڈ کے عہدیداروں نے الگ الگ ملاقاتیں کیں، صوبائی وزرا، اراکین اور عہدیدار کو بھی جلسے کے لئے ورکرز لانے کا ٹارگٹ دیا گیا۔وزرا کو 2 ہزار، ایم پی اے کو ایک ہزار، تنظیمی عہدیداروں کو 500 اور یوسی عہدیداروں کو 100 کارکن لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ جلسہ ہر صورت ہوگا، پنجاب کے عہدیدار این او سی کے حصول کے لیے کوشاں ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے جلسے کے دوران سڑکوں کی بندش اور رکاوٹیں ہٹانے کے لیے مشینری ساتھ لے جانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی جلسہ ہوگا یا نہیں، لاہور ہائیکورٹ کا فُل بنچ تشکیل

خیبرپختونخوا سے تمام قافلے صوابی انٹرچینج موٹروے پر جمع ہوں گے، پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہکلہ انٹر چینج سے راولپنڈی اور اسلام آباد کے قافلے کو یکجا کیا جائے گا۔

حکومت کل عوامی سمندر کا راستہ روکنے کی حماقت نہ کرے، بیرسٹر سیف

اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا سے جلسے کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل ہیں، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور قافلے کو لیڈ کریں گے، صوابی انٹر چینج پر پورے صوبے سے قافلے پہنچیں گے۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ صوابی سے عوام کا سمندر لاہور کی طرف رواں دواں ہوگا، عوام کا سمندر کل لاہور سے ٹکرائے گا، لاہور کا جلسہ اسلام آباد جلسے سے بھی کئی گنا بڑا ہوگا، صرف خیبر پختونخوا کا قافلہ دیکھ کر جعلی حکومت کے اوسان خطا ہوجائیں گے۔

صوبائی مشیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ کل لاہور میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہونے والا ہے، جعلی حکومت عوامی سمندر کا راستہ روکنے کے لیے رکاوٹیں کھڑی کرنے کی حماقت نہ کریں، راج کماری مریم نواز اپنے اعصاب پر قابو رکھیں، راج کماری عوامی سمندر کے سامنے پولیس گردی کی کوشش نہ کریں۔

پی ٹی آئی کا 21 ستمبر کو لاہور میں جلسہ، 27 رکنی کمیٹی کا اعلان

جلسے کی تیاری کے دوران وزیر ہائیرایجوکیشن مینا خان کے پش اپس

لاہور جلسے کی تیاری کے دوران وزیر ہائیرایجوکیشن مینا خان کے پش اپس کی وڈیو وائرل ہوگئی۔ ویڈیو میں وزیر ہائیر ایجوکیشن کے ہمراہ آئی ایس ایف اور یوتھ ونگ کے کارکنان بھی موجود تھے۔ مینا خان اورکارکنوں نے وزیراعلی ہاؤس کےصحن میں پش اپس لگائے۔

اس حوالے سے مینا خان آفریدی کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات جلسے سے متعلق سی ایم ہاؤس میں اجلاس ہوا، اجلاس ختم ہونے کے بعد کارکنوں کے ساتھ پش اپس لگائے۔

انھوں نے مزید بتایا کہ ہم بتانا چاہتے ہیں کہ راستہ روکا تو ہر قسم کے حالات کیلئے تیارہیں۔ کارکن اپنے پاس اسلحہ نہ رکھیں۔ رکاوٹیں ہٹانے کیلئے ہیوی مشینری ساتھ رکھی جائےگی۔

Read Comments