پاکستان کی سڑکوں پر ایمبولیسنوں کی شکل میں دوڑتی ”کیری ڈبہ“ کا سنہرا دور اپنے اختتام کو پہنچ چکا ہے۔
سوزوکی کی مشہور گاڑی ”بولان“ المعروف کیری ڈبہ کی پروڈکشن پاکستان میں باضابطہ طور پر بند کر دیی گئی ہے۔
نجی ویب سائٹ ”پرو پاکستانی“ کے مطابق برسوں کی قیاس آرائیوں کے بعد اب اس خبر کی تصدیق ہو گئی ہے۔
سوشل میڈیا پر حال ہی میں ایک تصویر گردش کر رہی ہے، جس میں نامکمل بولان گاڑیوں کی آخری کھیپ کو دکھایا گیا ہے جس میں لکھا ہوا ہے، ”بائے بائے Y88V بولان“، جس کی پروڈکش ختم ہو رہی ہے۔
کمپنی کے ایک اہلکار نے پرو پاکستانی کو اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ آخری بیچ مکمل ہو چکا ہے۔ سوزوکی بولان، جو کسی زمانے میں اپنے فرسودہ ڈیزائن اور حفاظتی خصوصیات کی کمی کے باوجود مقبول انتخاب تھی، اب اس کی جگہ سوزوکی ایوری لے گی۔
برسوں تک، بولان کو اس کے جدید اسپیکس، آرام اور حفاظت کی کمی کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، لیکن محدود متبادل کی وجہ سے اس کی مانگ برقرار رہی۔
تاہم چانگن کاروان کے لانچ نے کچھ مقابلہ فراہم کیا، لیکن تب بھی ایسا نہیں ہوا کہ سوزوکی بولان کو ریٹائر کر دیا جائے۔
بولان کی متبادل ”سوزوکی ایوری“ کی پاکستان میں پروڈکشن طویل عرصے سے متوقع تھا۔ اگرچہ پہلی بار لاہور آٹو شو میں اس کی نمائش کی گئی تھی، لیکن درآمدی پابندیوں اور دیگر چیلنجوں کی وجہ سے اس کی رونمائی میں تاخیر ہوئی۔
تاہم، اب اس بات کی تصدیق ہو گئی ہے کہ نئی ایوری اکتوبر 2024 میں سڑکوں پر اُتر آئے گی، جو پاکستان میں سوزوکی کے لیے ایک نئے دور کا آغاز کرے گی۔
یہ تبدیلی ملک کی سڑکوں پر بولان کی دیرینہ موجودگی کے خاتمے کی علامت ہے۔