Aaj Logo

شائع 19 ستمبر 2024 06:31pm

روپیہ 5 ماہ بعد 278 فی ڈالر سے نیچے آگیا

امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں جمعرات کو مزید بہتری ریکارڈ کی گئی ہے اور روپیہ 5 ماہ بعد 278 کی سطح سے نیچے بند ہوا ہے۔

انٹر بینک میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر 0.05 فیصد بڑھی اور گزشتہ روز کے مقابلے میں روپیہ 13 پیسے بڑھنے کے بعد 277 روپے 91 پیسے پر بند ہوا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے مطابق بدھ کے روز روپیہ 278.04 پر بند ہوا تھا۔

سونے کی شوقین خواتین کیلئے بُری خبر، سونا مزید مہنگا ہوگیا

اس سے قبل روپیہ آخری بار 9 اپریل 2024 کو 278 کی سطح سے نیچے بند ہوا تھا۔

کرنسی مارکیٹ اب بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کو مدنظر رکھ رہی ہے جو 25 ستمبر کو پاکستان کے 7 ارب ڈالر کے توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) قرض پروگرام کو اپنے ایجنڈے میں شامل کرنے والا ہے۔

بین الاقوامی سطح پر جمعرات کو امریکی ڈالر کی قدر میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہوا اور فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں کمی کے فوری بعد اس سے قبل کی گراوٹ سے بحالی ہوئی۔

امریکی معیشت کے بارے میں خدشات پیدا ہونے کے بعد جمعرات کے روز ایشیائی ٹریڈنگ میں تیل کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی۔

نومبر کیلئے برینٹ کروڈ کے سودے 34 سینٹ یا 0.46 فیصد کی کمی سے 73.31 ڈالر فی بیرل پرآگئے جبکہ اکتوبر کے لیے ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کا فیوچر 42 سینٹ یا 0.59 فیصد کمی کے ساتھ 70.49 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کیا گیا۔

Read Comments