پشاور کے آرمی پبلک اسکول میں 16 دسمبر 2014 کو ہوئے حملے میں زخمی ہونے والے پاکستانی طالب علم احمد نواز کو بڑے اعزاز سے نواز دیا گیا ہے، انہیں برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم نے اعزازی برٹش ایمپائر میڈل سے نوازا ہے۔
احمد نواز نے ”ایکس“ پر جاری ایک پوسٹ میں کہا کہ یہ اعزاز برطانیہ کے سب سے بڑے اعزازات میں سے ایک ہے۔
احمد نواز نے لکھا کہ ’یہ اعزاز میرے غیرمتزلزل عزم اور دنیا بھر میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے سلسلے میں میری برسوں پرانی خدمات کا اعتراف ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’اس سفر کو جاری رکھنے کا میرا عزم مضبوط ہوا ہے اور میں آنے والے برسوں میں بہت سے نوجوانوں کو متاثر کرنے اور بااختیار بنانے کا کام کرتا رہوں گا۔‘
خیال رہے کہ اے پی ایس حملے میں شہید ہونے طلبہ کے علاوہ کئی طلبہ ایسے بھی تھے جو اس حملے میں زخمی ہوئے، جن میں سے شدید زخمی طلبہ کو پاک فوج اور حکومت پاکستان کے تعاون سے بیرون ملک علاج کے لیے بھیجا گیا۔
احمد نواز بھی ایسے ہی ایک طالب علم تھے جنہیں برطانیہ بھیجا گیا تھا، برمنگھم میں اپنے علاج کے بعد احمد نواز نے تعلیم کا سلسلہ جاری رکھا اور آکسفورڈ یونیوسٹی میں داخلہ لے کر تعلیم حاصل کی۔
احمد نواز کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ بے نظیر بھٹو کے بعد آکسفورڈ اسٹوڈنٹ یونین کے صدر بننے والے دوسرے پاکستانی ہیں۔
اس سے قبل پشاور آرمی پبلک اسکول سے آکسفورڈ تک کے سفر کے حوالے سے احمد نواز نے اس سے قبل اپنے آکسفورڈ میں تعلیمی سفر سے متعلق کہا تھا کہ ’سفر کافی مشکل تھا مگر حوصلہ افزا بھی۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’جب میں انگلینڈ آیا تو پہلے یہاں ایڈجسٹ ہونا اور پھر یونیورسٹی میں کافی دشواری کا سامنا تھا مگر اللہ نے ہمت دی اور اب آکسفورڈ یونیورسٹی سے گریجویشن مکمل کر لی۔‘
یاد رہے کہ 16 دسمبر 2014 کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر سات عسکریت پسندوں کے وحشیانہ حملے میں 132 بچوں سمیت 141 افراد شہید ہوگئے تھے۔
خودکار رائفلوں اور دستی بموں سے لیس حملہ آوروں نے علی الصبح اسکول پر دھاوا بول کر طلبہ اور عملے کو اندھا دھند فائرنگ کا نشانہ بنایا تھا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ کلاس رومز میں گولیاں چلائی جا رہی تھیں اور طلبہ ڈیسک کے نیچے چھپ کر دل دہلا دینے والے مناظر اپنی آنکھوں سے دیکھنے پر مجبور تھی۔
دہشتگردوں کی جانب سے اسکول کا محاصرہ تقریباً 8 گھنٹے جاری رہا، جس کا اختتام پاک فوج کے جانبازوں کے ہاتھوں تمام حملہ آوروں کی ہلاکت پر ہوا۔
آرمی پبلک اسکول پر دہشت گردوں کے اِس حملے کو پاکستان کی تاریخ کا سب سے المناک سانحہ سمجھا جاتا ہے، جس کی عالمی سطح پر بھی بڑے پیمانے پر مذمت کی گئی۔