وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے افغان قونصل جنرل کی جانب سے قومی ترانے کی توہین پر مذمت کے بجائے وضاحتیں دینا شروع کر دیں، انہوں نے کہا کہ افغان قونصل جنرل نے مؤقف دے دیا، ایسی بات نہیں کہ وہ قومی ترانے کی عزت نہیں کرتے۔
پشاور میں کیبنٹ روم سول سیکرٹریٹ پشاور میں ’اختیار عوام کا پورٹل‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ عمران خان کی طرف سے لگایا گیا امین ہوں اور عوام کا اختیار آج عوام کے حوالے کر رہا ہوں، اس پورٹل میں کوالٹی اور بروقت مسائل کے حل کو اہم رکھا گیا ہے، اگر شکایت کنندہ مطمئن نہیں ہوگا تو شکایت اس سے اوپر آفیسر کو فاررڈ ہو جائے گی اور اگر شکایت کنندہ مطمئن نہیں ہوگا وہ بلینگ کرتی رہے گی جبکہ بہترین کارکردگی کرنے والوں کو انعام سے نوازا جائے گا۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ قبائلی اضلاع حکومت کی ترجیحات میں ہے، قبائلی اضلاع میں قبائلی ڈومیسائل کے علاوہ کوئی بھرتی نہیں ہوگا، انہوں نے وفاقی حکومت کی جانب سے فنڈز کے طریقے کار پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ اسی وجہ سے قبائلی اضلاع میں کام سست ہوا ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ امن امان کے حوالے سے عوام بھی اپنا کردار ادا کررہے ہیں ، قبائلی اضلاع میں کئی چیک پوسٹوں کو ختم کر رہے ہیں جبکہ ان علاقوں میں ٹورازم کو بھی فروغ دیا جائے گا، اس لئے قبائلی اضلاع میں کئی پراجیکٹ لائے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا مزید کہنا تھا کہ افغان قونصل جنرل نے اپنا مؤقف دے دیا ہے، ایسی کوئی بات نہیں کہ وہ ہمارے قومی ترانے کی عزت نہیں کرتے، افغان قونصلیٹ نے وضاحت جاری کر دی ہے، افغان سفیر کا مؤقف ہے کہ ترانے میں میوزک تھا، اس لئے افغان سفارتکار کھڑے نہیں ہوئے۔
’’اختیار عوام کا‘‘ پورٹل سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ عوام کو اختیار ملے گا تو مسائل حل ہوں گے، چیف منسٹر پورٹل تمام چیزوں کو دیکھ کر بنایا گیا ہے، ہماری پہلی ترجیح عوام ہے، یہ کام آپ کے ٹیکس کے پیسوں سے ہو رہے ہیں۔
علی امین گنڈاپور کا مزید کہنا تھا کہ ہر جگہ پر بہتری کی گنجائش ہوتی ہے، پورٹل سے پتا چلے گا کہ آپ کے ٹیکس کے پیسوں سے کیا ہو رہا ہے۔
غیر قانونی بھرتیوں کو نکالنا ہوگا
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ نئے پورٹل میں خامیوں کو دور کر دیا ہے، غیر قانونی بھرتیوں کو نکالنا ہوگا، عوام کا ٹیکس کا پیسہ ضائع نہیں کرنا ہے، غیر قانونی بھرتیوں بارے تحقیقات کر رہے ہیں، کرپشن کرنے والوں کے خلا ف سخت کارروائی ہوگی۔
فیصل کریم کنڈی پرچی پر آیا ہے
انہوں نے کا کہنا تھا کہ لاہور میں جلسے کی بھرپور تیاری کی ہے، کوئی سیاسی دباؤ نہیں، صوبے میں گورنر کا کوئی مینڈیٹ نہیں، فیصل کریم کنڈی پرچی پر آیا ہے، ایک ٹک ٹاکر پنجاب میں اور ایک یہاں بیٹھا ہے۔
آپریشن سے متعلق سوال پر علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ آپریشن کر کے وہ رزلٹ نہیں آئے جو آنے چائیے تھے، کوکی خیل قبیلے سے میری دو میٹنگ ہو چکی ہیں صرف ایک گروپ کی ڈیمانڈ بغیر سیکیورٹی فورسز کی میٹنگ کے ممکن نہیں، غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق کہا کہ انکوائری کی جارہی ہے، آئندہ کوئی غیر قانونی بھرتیاں نہیں ہوں گی۔
قبل ازیں پورٹل کے بارے میں کابینہ کو بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ پورٹل کے ذریعے عام شہری شکایات درج کر سکیں گے اور مختلف امور کا آن لائن جائزہ لے سکیں گے، پورٹل میں عوامی ایجنڈہ، صحت، تعلیم، امن وامان اور میونسپل سروسز کے بارے تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔
بریفنگ کے مطابق لینڈ ریونیو،کرپشن، میل پریکٹس اور ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بھی تفصیلات فراہم کی جائیں گی، منصوبے کا مقصد حکومتی معاملات میں شفافیت اور جواب دہی کا مضبوط نظام بنانا ہے۔