عید میلاد النبی ﷺ پر مذہبی رواداری کی دلکش مثال دیکھنے میں آئی ہے، ننکانہ صاحب میں میلاد النبی ﷺ کی خوشیوں میں سکھ برادری بھی شریک ہوئی، گوردوارہ جنم استھان کے باہر سکھ برادری نے مسلمانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا اور جلوس کے شرکا پر گلپاشی کی۔
ملک بھر کی طرح ننکانہ صاحب میں جشن عید میلاد النبی ﷺ انتہائی عقیدت واحترام کے ساتھ منایا جارہا ہے، جشن عید میلاد النبی ﷺ کا مرکزی جلوس مسجد اقصیٰ سے شروع ہوکر جب گوردوارہ جنم استھان کے سامنے پہنچا تو وہاں سکھ برادری نے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے جلوس کا پرتپاک استقبال کیا، ان پر گلپاشی کی، نعرے بازی کی اور مٹھائی تقسیم کی۔
سردار سرجیت سنگھ کنول نے مسلمانوں کو عید میلاد النبی ﷺ کی مبارکباد دی۔
عید میلاد النبی ﷺکے جلوس میں علماء کرام سمیت عاشقان رسول ﷺ کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور شہر کی فضائیں درودو سلام سے گونجتی رہیں، جبکہ مخیر حضرات کی طرف جگہ جگہ لنگر کا اہتمام بھی کیا گیا۔
جلوس میلاد چوک گول چکر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔
اس موقعہ پر علماء کرام نے حضور اکرم حضرت محمد ﷺ کے اسوہ حسنہ پر روشنی ڈالی اور ملک و قوم کی سلامتی کے لئے خصوصی دعا بھی کی۔