Aaj Logo

اپ ڈیٹ 17 ستمبر 2024 11:34pm

ملک بھر میں جشن عید میلاد النبیﷺ کے جلوس اختتام پذیر، موبائل فون سروس بحال

رحمت اللعالمین، خاتم النبیین رسول کریم صلی الله علیه وسلم کی ولادت با سعادت کا جشن ملک بھرمیں مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ کوئٹہ میں مرکزی جلوس اختتام پذیر ہوچکا ہے اور بند موبائل فون سروس بحال کردی گئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں اکتیس جبکہ تمام صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس ،اکیس توپوں کی سلامی پیش کی گئی۔ ملک بھر میں درودوسلام کی محافل کاانعقاد اور نذرانہ عقیدت پیش کیا گیا۔ عمارتوں پرچراغاں اور جلوسوں کی سیکیورٹی کیلئے خصوصی انتطامات بھی دیکھے گئے۔

راولپنڈی اور کوئٹہ میں موبائل سروس متاثر

سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر روالپنڈی میں موبائل سروس جزوی طور پر جبکہ کوئٹہ میں سروس مکمل طور پر معطل کی گئی۔ ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں موبائل فون سروس سیکیورٹی کے پیش نظر مرکزی جلوس اور ملحقہ علاقوں میں معطل کی گئی۔

صدر مملکت کی قوم کو مبارک باد

صدرمملکت آصف زرداری اور وزیراعظم نے عید میلاد النبیﷺ کےموقع پرقوم کو مبارک باد دیتے ہوئے خصوصی پیغام بھی جاری کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں آپﷺکی سیرت پرعمل کرنےکی توفیق عطافرمائے، اللہ نےاس مہینےمیں آپﷺکی ولادت کی عظیم نعمت عطافرمائی۔

صدر مملکت نے کہا کہ آپﷺ رہتی دنیا تک ہدایت کا سر چشمہ ہیں، یہ دن ہر مسلمان کے دل میں عشق رسول ﷺ کی شمع روشن کرتا ہے، اللہ نےآپﷺکی حیات طیبہ کو ہمارےلئےبہترین نمونہ قراردیا، آپﷺکی سیرت ہرشعبہ زندگی میں رہنمائی فراہم کرتی ہے، آپﷺنےعدل وانصاف پرمبنی معاشرہ قائم کیا، حضورپاکﷺکےاسوہ حسنہ کوزندگی کاحصہ بناناہوگا۔

آصف زرداری نے کہا کہ رسولﷺنےارشاد فرمایا بہترین انسان وہ ہےجودوسروں کونفع پہنچائے، محبت اور ہمدردی کے پیغام کو عام کرنےکی ضرورت ہے، آپﷺ نے ہمیشہ دوسروں کی مدد اور نصرت کا درس دیا۔

سندھ

صوبہ سندھ میں سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے سندھ حکومت نے صوبے بھر میں ڈبل سواری پر پابندی کا اعلان کیا جبکہ کراچی میں دو مرکزی جلوس نکالے گے، پہلا ٹاور سے آرام باغ تک اور دوسرا بولٹن مارکیٹ میں واقع نیو میمن مسجد سے نشتر پارک پر اختتام پذیر ہوا۔

عید میلادالنبی کا جلوس میمن مسجد سے دوپہر دوبجے برآمد ہوا، جلوس میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور دیگر وزراء بھی شریک ہوئے، جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا نشترپارک پراختتام پزیرہوا۔ اس حوالے سے جلوس کی گزرگاہوں اور نشترپارک میں کیا اقدامات کیےگئے تھے۔

کراچی میں کل 4 ہزار 716 اہلکار تعینات کیے گے جن میں 15 سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، 27 ڈپٹی ایس ایس پیز، 648 این جی اوز اور 3ہزار 735 کانسٹیبل، 51 خواتین اہلکار، 31 پولیس موبائلیں اور 40 موٹر سائیکل پولیس اہلکار شامل تھے۔

واضح رہے کہ سیلولر فون سروسز کی معطلی کے حوالے سے کوئی سرکاری حکم جاری نہیں کیا گیا لیکن گزشتہ چند سالوں سے اس پر عمل کیا جا رہا ہے۔

راولپنڈی

راولپنڈی میں عید میلاد النبیؐ کے موقع پر دو مرکزی جلوسوں کے حوالے سے سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے خصوصی ٹریفک پلان جاری کیا، جبکہ امن و امان برقرار رکھنے اور ٹریفک کے انتظامات کے لیے 5 ہزار سے زائد پولیس اہلکار اور 454 ٹریفک اہلکار تعینات کیے گے۔

اسلام آباد

ملک بھر کی طرح اسلام آباد میں بھی جشن عید میلاد النبی صلی الله علیه وسلم آج مذہبی جوش و خروش اور عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ گلی، محلوں اور بازاروں کو خوبصورت روشنیوں، برقی قمقموں اور سبز جھنڈیوں سے سجایا گیا جبکہ سرکاری و نجی عمارتوں، مسجدوں پر بھی چراغاں کیا گیا تھا۔

اسلام آباد میں 2 ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں نے مرکزی جلوس کے ساتھ ساتھ دارالحکومت میں نکلنے والے دیگر جلوسوں کی سیکیورٹی کے فرائض انجام دیئے۔

جلوس کی حفاظت کے لیے چھتوں پر اسنائپرز تعینات کیے گے، جلوس کے راستے کی متعدد سڑکوں کو سیل کر دیا گیا۔پنجاب

لاہور میں بھی جشن عید میلادالنبی صلی الله علیه وسلم بھرپور انداز سے منایا گیا، دن بھر ریلیاں اور پروقار محافل جاری رہیں۔

واضح رہے کہ پنجاب بھر میں 2ہزار 467 میلاد کی محافل اور جلوسوں کا انعقاد کیا گیا جن میں 1ہزار 581 محافل شامل تھیں اور ان کی حفاظت کے لیے پولیس کے علاوہ محکمہ انسداد دہشت گردی کے اہلکار جلوس کے شرکا کی چیکنگ بالخصوص حساس مقامات پر تعینات کیے گے۔

Read Comments