بنوں میں انٹرمیڈیٹ امتحانات کے نتائج پر طلبا نے تعلیمی بورڈ پر دھاوا بول دیا، سیکڑوں مظاہرین تعلیمی بورڈ بنوں کی دیوار پھلانگ کر عمارت میں داخل ہو گئے۔ طلبا نے بورڈ میں مختلف دفاتر کے شیشے اور دروازے توڑ دیئے۔
13 ستمبر کو بنوں بورڈ نے انٹرمیڈیٹ امتحانات کے نتائج کا اعلان کیا، جس پر طلبا نے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ امتحانات میں طلبہ کے نمبرز توقعات سے کم لگائے گئے ہیں جو کہ سراسر ناانصافی ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر اور پولیس موقع پر پہنچ گئی ہے اور مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کر رہی ہے، 18 ستمبر کو قائم مقام چیئرمین کمشنر بنوں کے ساتھ بھی مظاہرین کے مذاکرات ہوں گے۔
مظاہرین احتجاج ملتوی کرکے فی الحال منتشر ہو گئے ہیں۔
بنوں بورڈ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حملے سے املاک کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا ہے۔.
دوسری جانب بنوں میں سرکاری اسکولوں کے ناقص نتائج اور طلبا کے احتجاج پر بورڈ کے کنٹرولر امتحانات کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے جس کا اعلامیہ محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا نے جاری کردیا ہے۔
فاروق خان بنوں بورڈ کے نئے کنٹرولر امتحانات تعینات کئے گئے ہیں۔