پاکستان فلم انڈسٹری کے مقبول اور سینیئر ہدایت کار الطاف حسین انتقال کر گئے ہیں۔
الطاف حسین طویل عرصے سے علیل تھے، انہوں نے چند روز قبل اپنی نئی پنجابی فلم ”تیرے پیار نوں سلام“ کی شوٹنگ کا آغاز بھی کیا تھا۔
الطاف حسین نے اپنے کیرئیر کے دوران 80 سے زائد فلموں کی ہدایتکاری کی، ان کی مشہور فلموں میں دھی رانی، مہندی، رانی بیٹی راج کرے گی، اک پاگل سی لڑکی، صاحب جی، مرد سالا صاحب، دنیا، چار خون کے پیاسے، حسن کا چور، مرد جینے نہیں دیتے اور چوہدری بادشاہ، سمیت دیگر شامل ہیں۔
الطاف حسین کی عمر 79 سال تھی، انہوں نے اپنے پسماندگان میں ایک بیٹا، ایک بیٹی اور بیوہ چھوڑے ہیں۔
الطاف حسین کے انتقال پر شوبز شخصیات نے اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کی موت کو فلم انڈسٹری کے لیے بہت بڑا نقصان قرار دیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے پاکستان فلم انڈسٹری کے سینئر ہدایتکار الطاف حسین کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے مرحوم کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ الطاف حسین پاکستان فلم انڈسٹری کا قیمتی اثاثہ تھے، الطاف حسین نے اپنی زندگی میں کئی یادگار فلموں میں ہدایتکاری کی، انھوں نے اپنی محنت اور لگن سے پاکستان فلم انڈسٹری کا نام روشن کیا۔
ان کا زید کہنا تھا کہ الطاف حسین کا انتقال نہ صرف پاکستان فلم انڈسٹری بلکہ پورے ملک کے لئے ناقابل تلافی نقصان ہے، آج جب ہم انہیں کھو چکے ہیں تو ہمیں ان کی خدمات کو یاد رکھنا چاہئے۔