لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کو ہنی ٹریپ کرنے کے مقدمے میں آمنہ عروج کے شریک ملزم یاسر علی کی ضمانت خارج کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج ارشد جاوید نے 2 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔
عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ تفتیش میں سامنے آیا کہ ملزم یاسر نے خلیل الرحمان سے رقم کا مطالبہ کیا، ملزم یاسر کی فون کالز اور موبائل کا سی ڈی آر مغوی کے ساتھ میچ کررہا ہے، ملزم یاسر کو شناخت پریڈ میں شناخت کیا گیا ہے۔
تحریری فیصلے میں مزید کہا گیا کہ ملزم سے مال مقدمہ بھی برآمد ہوا، ملزم یاسر کے خلاف کریمنل میٹریل موجود ہے، ملزم کی ضمانت خارج کی جاتی ہے۔
مدعی کی جانب سے مدثر چوہدری اور زین قریشی ایڈووکیٹ نے دلائل دیے۔
خلیل الرحمان کو ہنی ٹریپ کرنے والی ملزمہ آمنہ عروج کی درخواست ضمانت میں اہم پیشرفت
واضح رہے کہ خلیل الرحمٰن قمر کو مبینہ طور پر اغوا کرنے کی کوشش کا معاملہ جولائی کے آغاز میں سامنے آیا تھا، جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تقریبا تمام ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا۔
بعد ازاں ڈراما ساز کی آمنہ عروج کے ساتھ نازیبا ویڈیوز بھی لیک ہوئی تھیں اور پولیس نے اس پر بھی کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا۔
آمنہ عروج اور ان کے دیگر ساتھی ملزمان ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہیں، 17 اگست کو ملزمان کو مزید 15 دن کے ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا گیا تھا۔
وائرل نامناسب ویڈیوز میری ہیں لیکن بندوق کے زور پر بنائی گئیں، خلیل الرحمان قمر کا دعویٰ
آمنہ عروج اور ان کے دیگر ساتھی ملزمان کے خلاف خلیل الرحمٰن قمر کو جھانسا دے کر اغوا کرنے کی کوشش کا کیس لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں زیر سماعت ہے۔