خیبر پختونخوا کے شہر ہنگو میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مولانا فدا الرحمان جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ہنگو کے علاقے خیساری بانڈہ میں پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے مولانا فدا الرحمان کو قتل کردیا، فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مولانا فدا الرحمان نجی فاؤنڈیشن کے چئیرمین تھے جبکہ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
دوسری جانب ہنگو میں ہی ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ویلج چیئرمین عنایت اللہ جاں بحق اور ان کے 2 ساتھی زخمی ہوگئے۔
ڈی پی او ہنگو نذیر خان کے مطابق زخمیوں کو ڈی ایچ کیو مشتی میلہ پہنچا دیا گیا، علاقے میں ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔