ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک بار پھر بال بال بچے ہیں۔
خفیہ سروس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ اتوار کو فلوریڈا کے ویسٹ پام بیچ میں اپنے گالف کلب سے نکل رہے تھے کہ ان کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے فوراً بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقعہ پر جا پہنچے۔
ٹرمپ کے ترجمان سٹیون چیونگ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ’صدر ٹرمپ کے قریب گولیاں چلی تھیں، تاہم، وہ محفوظ ہیں۔ اس وقت مزید تفصیلات نہیں ہیں‘۔
امریکی اخبار نیویارک پوسٹ نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ٹرمپ انٹرنیشنل گالف کورس ویسٹ پام بیچ سے باہر نکل رہے تھے کہ دو افراد میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
ذرائع نے بتایا کہ فائرنگ کرنے والے ایک دوسرے کو نشانہ بنا رہے تھے ٹرمپ نشانہ نہیں تھے۔
صدارتی مباحثے میں تارکین وطن پر ٹرمپ کا جھوٹ پکڑا گیا
ذرائع کے مطابق یہ فائرنگ کلب کے باہر ایک ایسے علاقے میں ہوئی جو زیادہ جرائم کے لیے جانا جاتا ہے۔
فائرنگ کا یہ واقعہ تقریباً دو ماہ بعد سامنے آیا ہے جب 13 جولائی کو ایک ریلی میں تھامس میتھیو کروکس نے ٹرمپ کو گولی مار کر ان کا کان زخمی کر دیا تھا۔