Aaj Logo

شائع 13 ستمبر 2024 10:22am

پولیس اکیڈمی میں تقریر کے دوران برطانوی وزیر کا پرس چوری

برطانیہ میں انسداد جرائم کی وزیر ڈیانا جانسن کا بیگ افسران کے ساتھ میٹنگ میں شرکت کے دوران چوری ہو گیا۔

خاتون میٹنگ میں چوری اور شاپ لفٹنگ کے بڑھتے ہوئے مسائل کے بارے میں بات کرنے کے لیے موجود تھیں۔

کرائم کی وزیر ڈیانا جانسن کا بیگ سینیئر پولیس افسران کی کانفرنس کے دوران چرایا گیا تھا جہاں وہ چوری اور شاپ لفٹنگ کے بڑھتے ہوئے مسائل کے بارے میں بات کرنے کے لیے موجود تھیں۔

خبر رساں ادارے روئٹرز نے حکومتی اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ بیگ چوری کا واقعہ اس وقت ہوا جب ڈیانا جانس نے منگل کو وسطی لندن میں پولیس سپرنٹنڈنٹ ایسوسی ایشن کے کانفرس میں مصروف تھیں۔

کانفرنس کے دوران ایک پولیس آفیسر نے اپنے خطاب میں وزیر کو بتایا کہ ملک کا کریمنل جسٹس سسٹم ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔

روئٹرز کے مطابق حال ہی میں برطانیہ میں چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ اگرچہ مجموعی طور پر جرائم میں کمی آرہی ہے، سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، پچھلے سال کے دوران لوگوں کا ذاتی سامان جیسے بیگ اور فون چوری ہونے والوں کی تعداد میں 40 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

اپنی تقریر وزیر جانسن کا کہنا تھا کہ وہ پولیس افسران کو عوام کے منفی رویے سے نمٹنے کے لیے خصوصی تربیت فراہم کرنا چاہتی ہیں، جیسے کہ شور، توڑ پھوڑ، اور ہراساں کرنا، جس میں پچھلے 10 سالوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

واروکشائیر پولیس کا کہنا ہے اس واقعے کے سلسلے میں ایک 56 سالہ مشتبہ شخص کو گرفتار کیا گیا تھا جسے بعد میں ضمانت پر رہائی ملی۔

Read Comments