امیتابھ بچن نے کون بنے گا کروڑ پتی سیزن 16 کے سیٹ پر ایک واقعہ سنایا ہے کس طور اُنہوں نے انگلینڈ میں ایک مغرور دکان دار کو سبق سکھایا۔
بگ بی سے ایک پرستار نے سوال کیا تھا کہ وہ بھی کوئی چیز خریدنے سے پہلے پرائس ٹیگ دیکھتے ہیں۔ بگ بی نے جواب دیا کہ ایسا کرنا بالکل فطری امر ہے۔ ہر انسان کچھ بھی خریدنے سے پہلے اُس پر لکھی ہوئی قیمت ضرور دیکھتا ہے۔
پھر اُنہوں نے بتایا کہ ایک بار انگلینڈ میں ایک دکان دار سے اُن کا ٹاکرا ہوا تھا۔ یہ واقعہ لندن کا ہے۔ امیتابھ بچن خریداری کر رہے تھے۔ ایک دکان میں اُنہیں ایک ٹائی پسند آگئی۔ انہوں نے دکان دار سے قیمت پوچھی تو اُس نے بظاہر نظر انداز کرتے ہوئے اور خاصے متکبرانہ لہجے میں کہا کہ یہ ٹائی 120 پاؤنڈ کی ہے۔
امیتابھ بچن نے دکان دار کی طرف دیکھا اور کہا کہ ٹھیک ہے، ایسی 10 ٹائیاں پیک کردو۔ اُنہوں نے آڈینس سے کہا کہ کبھی کبھی ہمیں ایسی طرزِ فکر و عمل اختیار کرنا پڑتی ہے جس سے فریقِ ثانی کو اندازہ ہو کہ ہمیں ہلکا نہ لے، چھوٹا نہ سمجھے۔
ایک کنٹیسٹنٹ نے جب پوچھا کہ کیا وہ کالج کے دنوں میں گرلز کالجوں کے باہر گھومتے دکھائی دیتے تھے تو امیتابھ بچن نے سوال کو ٹالنے کی کوشش کی۔
اُنہوں نے کہا دیکھیے دیوی جی۔ وہ کیا ہے کہ اب ہم شادی شدہ ہوگئے ہیں، نواسی پوتی والے ہیں۔ وہ جو جوانی کا زمانہ تھا اُس کے بارے میں آپ کو کیا بتائیں۔ ابھی بتانے سے ہماری پوری پول کھل جائے گی۔ یہ عوامی پروگرام ہے۔ لوگ پھر سوچیں گے اچھا ایسا تھا وہ۔ ہمارا امپریشن خراب ہوجائے گا۔