اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے نئے کرنسی نوٹوں کے فائنل ڈیزائن سے متعلق وضاحت جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ڈیزائن کے مقابلے اور نئے نوٹوں کے سیریز کو غلط رنگ میں پیش کیا جارہا ہے۔
اسٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ حالیہ مقابلے میں انعام کے حق دار قرار پانے والے ڈیزائن وہ نہیں ہیں جو نئے نوٹوں کے لیے لیے شارٹ لسٹ کیے گئے ہیں۔
نئے نوٹوں کے ڈیزائن معروف بین الاقوامی اداروں کے ذریعے تیار کروائےجارہے ہیں اور اس عمل میں بھی مسابقت رہی ہے۔
مرکزی بینک نے اپنے بیان میں کہا کہ جن بین الاقوامی فرمز کو یہ کام سونپا گیا ہے وہ دسمبر 2024 تک اپنے ڈیزائن جمع کرائیں گی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے بورڈ کی باضابطہ منظوری کے بعد وہ حتمی منظوری کے لیے جنوری 2025 تک وفاقی حکومت کو بھیج دیے جائیں گے۔ وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد ہی نئے ڈیزائن کے کرنسی نوٹوں کی طباعت شروع ہوگی۔
اسٹیٹ بینک نے جنوری میں نئے کرنسی نوٹوں کی تیاری کے اعلان کے ساتھ ساتھ اس حوالے سے فن کے ایک مقابلے کا بھی اعلان کیا تھا۔
مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کا مقابلہ مقامی فنکاروں کی حوصلہ افزائی کرکے اُنہیں بین الاقوامی معیارات سے ہم آہنگ ہونے کا موقع فراہم کرنا تھا۔
ملک کے فنکاروں کے تیار کردہ ڈیزائن معروف فنکاروں کی ایک کمیٹی نے چیک کیے تھے اور 5 ستمبر 2024 کو مقابلے کے انعام یافتگان کا اعلان کیا گیا تھا۔
اس کے ساتھ ہی مین اسٹریم اور سوشل میڈیا میں یہ تاثر پیدا ہوا کہ مقابلہ جیتنے والے ڈیزائنز کے نئے کرنسی نوٹ شائع کیے جارہے ہیں۔ اب معلوم ہوا ہے کہ ایسا کچھ بھی نہیں ہے۔
ایک انعام یافتہ ڈیزائن میں ملک کے مذہبی تنوع کی عکاسی کی گئی تھی۔ یہ تاثر بھی پیدا ہوا کہ کسی ایک مذہب کو نمایاں حیثیت میں پیش کیا جارہا ہے۔