ڈاکٹروں نے مریض کو بنا بے ہوش کیے دماغ سے ٹیومر نکال کر کامیاب آپریشن کر ڈالا۔
یہ آپریشن بھارت شہرلکھنؤ میں کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے مریض کو موبائل فون استعمال کرنے کے لیے دے دیا اور اسی دوران دماغ کا آپریشن کرکے ٹیومر نکال دیا۔
بھارت میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈاکٹروں نے اس عمل کے لیے awake craniotomy کی تکنیک کا استعمال کیا جس کے تحت مریض کو بے ہوش نہیں کیا جاتا بلکہ وہ پورے ہوش و ہواس میں ہوتا ہے، ڈاکٹرز نے 56 سالہ ہریش چندر کا اسی تکنیک سے کامیاب آپریشن کیا۔
ڈاکٹرز نے بتایا کہ ہریش نے چند روز قبل سر میں شدید درد اور بائیں بازو سمیت ٹانگ میں تکلیف کی شکایت کی تھی۔
رپورٹ کے مطابق 56 سالہ مریض میں بھارتی ڈاکٹرز نے برین ٹیومر کی تشخیص کی تھی اور اس بات کا خدشہ ظاہر کیا تھا کہ یہ معذور ہوسکتا ہے جس کے بعد فوری آپریشن کیا گیا۔
آپریشن کے دوران مریض کو بنیادی انیستھیسیا دیا گیا لیکن وہ موبائل استعمال کرنے کے ساتھ ٹانگ بھی ہلا سکتا تھا۔
یہ اس لیے کیا گیا تاکہ مریض کا دماغ حرکت میں رہے اور احتیاط سے ٹیومر نکال دیا جائے، اس تکنیک کے استعمال سے مریض کی دماغ کی شریانیں خراب ہونے کا خدشہ کم ہوجاتا ہے۔