بھارتی شوبز انڈسٹری کی مشہور رقاصہ اور ماڈل ملائکہ اروڑا کے والد انیل اروڑا نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی ہے۔
بھارتی خبر رساں ادارے اے این آئی کی رپورٹ کے مطابق انیل اروڑا نے آج 11 ستمبر کی صبح نو بجے ساتویں منزل پر موجود اپنے گھر کے ٹیرس سے مبینہ طور پر چھلانگ لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
ایک طرف انیل اروڑا کی خودکشی کی خبر سرگرم ہے وہیں فلم فیئر کی نئی رپورٹ کے مطابق انیل اروڑا نے خودکشی نہیں کی بلکہ کسی حادثے کے سبب وہ ٹیرس سے نیچے آگرے ہیں۔
’فلم فیئر‘ نے اس خبر کو رپورٹ کرنے کے کچھ منٹس بعد ہی اپنے انسٹاگرام پیج سے ہٹا دیا اور اس کی جگہ ایک نئی خبر جاری کی۔
نئی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ انیل اروڑا طویل عرصے سے بیمار تھے اور وہ ذہنی دباؤ کا بھی شکار تھے۔
خیال رہے کہ ماضی میں ایک انٹرویو میں ملائکہ اروڑا نے اپنے مشکل بچپن سے متعلق انکشاف کیا تھا کہ میرا بچپن بہت پیارا تھا لیکن وہ ہرگز آسان نہیں تھا، البتہ میں اپنے اس گزرے زمانے کو بیان کرنے کیلئے ہنگامہ خیز جیسا لفظ استعمال کرسکتی ہوں لیکن مشکل وقت آپ کو بہت کچھ سیکھا کر جاتا ہے۔
واضح رہے کہ جب ملائکہ اروڑا صرف 11 سال کی تھیں تو ان کے والدین نے علیحدگی اختیار کرلی تھی جس کے بعد وہ اپنی والدہ اور بہن امرتا اروڑا کے ہمراہ چیمبور چلی گئی تھیں۔