بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی 76 ویں برسی پر وزیر اعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے مزار قائد پر حاضری دی جبکہ گورنر سندھ نے کہا کہ قوم سمجھ رہی ہے کون معیشت کو آگے بڑھا رہا ہے اور کون جیل میں بیٹھ کر نفرت کا بیانیہ آگے بڑھا رہا ہے، ایک سیاسی جماعت کے رہنماؤں کی گفتگو اور رویہ انتہائی نامناسب ہے، بیرونی طاقتوں کے آلہ کار ملک کی ترقی نہیں چاہتے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بابائے قوم کے مزار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی، وزیر اعلیٰ سندھ کے ہمراہ کابینہ کے اراکین نے بھی مزار پر حاضری دی۔
وزیر اعلیٰ سندھ اور گورنر سندھ نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلمبند کیے ، وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن، وزیر داخلہ ضیاء لنجار سمیت دیگر اراکین وزیر اعلیٰ سندھ کے ہمراہ ہیں۔
گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ ہمیں قائد اعظم کے نقش قدم پر چلنے کی ضرورت ہے، ہم آج شرمندہ ہیں کیونکہ اس ملک میں 9 مئی جیسے واقعات رونما ہوتے ہیں، قائد اعظم نے اس مقصد کے لیے ملک حاصل نہیں کیا۔
بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی 76 ویں برسی آج منائی جارہی ہے
کامران ٹیسوری نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت کے رہنماؤں کی گفتگو اور رویہ انتہائی نامناسب ہے، مخصوص سیاسی جماعت کے بیانیے سے پاکستان کی ساکھ متاثر ہوئی، اس ملک میں بیرونی طاقتوں کا بیانیہ فروخت ہورہا ہے، خریدار خرید رہے ہیں، قوم کو نفرت کا بیانیہ بیچنے والوں کو پہچاننا ہوگا۔
گورنر سندھ کا مزید کہنا تھ اکہ سمجھتا ہوں ہمیں بہت ساری قربانیاں دینا پڑیں گی، بیرونی طاقتوں کے آلہ کار ملک کی ترقی نہیں چاہتے، بیرونی سازشوں کا حصہ بننے والے معاشی استحکام کی راہ میں رکاوٹ ہیں، آج ہمیں معاشی طور پر کمزور کیا جارہا ہے، جو بیانیہ ہم جلسوں میں دے رہے ہیں اس کا معیشت پر فرق پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ اگلے ہی ماہ ملائیشیا کے وزیراعظم پاکستان آنے کا ارادہ رکھتے ہیں، چائنہ کے وزیراعظم بھی پاکستان آنے کا ارادہ رکھتے ہیں، دوروں سے قبل پاکستان میں اس طرح کی سیاسی صورتحال بنائی جارہی ہے، کچھ لوگ دشمن بیانیے کو خرید پر پھر بیچ رہے ہیں، اب قوم کو دیکھنا اور سوچنا ہے، لاکھوں قربانیاں دی گئیں،اب بھی سلسلہ جاری ہے، ہم نے چھ ،سات اور 8ستمبر منایا۔
کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ 24 کروڑ عوام معاشی بحران میں پھنسے ہوئے ہیں، سیاسی جماعت کے نعرے اور بیانیے پر غور کریں تو لگتا ہے یہ پاکستان میں نہیں کھڑے ہوئے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ آج گورنر صاحب،کابینہ کے ساتھ قائد کے مزار پر خراج عقیدت پیش کرنے حاضر ہوا ہوں، قائداعظم محمد علی جناح نے ہمیں پیارا ملک پاکستان دیا، قائد اعظم کے وژن پر عمل کرتے ہوئے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، ملک کو اس جگہ لے کر جائیں گے جس کا خواب علامہ اقبال نے دیکھا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ملکی حالات پر گورنر سندھ نے تفصیل سے روشنی ڈالی ہے، اللہ اس ملک کی لیڈر شپ کو طاقت دے کہ وہ سیاسی اور معاشی مشکلات سے مقابلہ کرسکیں۔
مرادی شاہ نے مزید کہا کہ بھارت کشمیری بھائیوں پر مسلسل ظلم و بربریت کررہا ہے، ہر پاکستانی مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے، فلسطین میں اسرائیلی بربریت جاری ہے جس کی شدید مذمت کرتے ہیں، عالم اسلام کو متحد ہونا ہوگا، متحد ہوکر عالم اسلام مسلمان مخالف قوتوں کا مقابلہ کریں، اپنی ذاتی رنجشوں کو پیچھے رکھ کر ملکی مسائل کو حل کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملکی صورتحال پرذاتی رنجشیں ختم کرکےآگےبڑھنا چاہیئے، ملکی صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے سب کو متحدہ ہونا چاہیئے، منتخب وزیراعلیٰ نے جو زبان استعمال کی صرف ایک شخص ان کے ساتھ ہے، 2018 میں جس کو حکومت دلائی گئی وہ صرف ملک کونقصان پہنچانا چاہتا ہے، مخصوص شخص کے اقدامات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ یو اے ای سفیر سے سرمایہ کاری سے متعلق بات چیت ہوئی ہے، بیرون ملک جانے والے سب سےپہلے ملک کی عزت کا خیال رکھیں۔
واضح رہے کہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کی 76 ویں برسی آج عقیدت واحترام سے منائی جا رہی ہے۔
قائداعظم محمد علی جناحؒ کی برسی کے حوالے سے مختلف تقریبات منعقد ہوں گی جس میں بابائے قوم کو ان کی شاندار خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔