Aaj Logo

شائع 09 ستمبر 2024 09:00pm

کئی سالوں سے حیدر آباد ائیر پورٹ کی کمرشل ائیر لائنز کی بندش پر توجہ دلاؤ نوٹس

قومی اسمبلی اجلاس میں کئی سالوں سے حیدر آباد ائیر پورٹ کی کمرشل ائیر لائنز کی بندش پر توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا گیا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ بڑی دیر سے یہ ائیر پورٹ بند ہے، وہاں ٹریفک نہیں ہے آٹھ سو ارب روپے پی آئی اے پر قرضہ ہے، نقصان والے روٹ پر پروازیں نہیں چلائی جا سکتیں۔

خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ اکتوبر کے آخر تک پی آئی اے کی نجکاری کا عمل مکمل ہو جائے گا نئی انتظامیہ ان امور کو دیکھے گی۔

جس پر خواجہ اظہار الحسن بولے کہ پشاور سے اس ائیر پورٹ کی ٹریفک زیادہ ہے، حج عمرے کی فلائیٹ وہاں سے نہیں چل رہیں، حیدر آباد ائیر پورٹ اہمیت کا حامل ہے ۔

خواجہ اظہار الحسن کے اظہار خیال پر خواجہ آصف نے جواب دیا کہ مسافروں کی تعداد زیادہ ہے تو پروازوں کا جواز بنتا ہے ، 15 یا 20 مسافروں کا خرچ تو رن وے پر ہی پورا ہو جاتا ہے ۔

دوسری جانب قومی اسمبلی اجلاا س میں وزیر آباد میں پاسپورٹ آفس کی عدم دستیابی پر توجہ دلاؤ نوٹس بھی پیش کیا گیا۔

محمد احمد چٹھہ بولے کہ وزیر آباد کو دو سال ضلع بنے ہو گئے وہاں کوئی آفس نہیں بنایا گیا۔

چودھری سالک حسین نے کہا کہ وزیر آباد میں پاسپورٹ آفس پر کوئی اعتراض نہیں، پاسپورٹ آفس کا اجراء ہوتا نظر آئے گا۔

قومی اسمبلی اجلاس میں قومی یونیورسٹی برائے ٹیکنالوجی ترمیمی بل 2024منظور بل وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے پیش کیا۔

Read Comments