بھارت کی ریاست مغربی بنگال کے بیشتر ہندو گھرانوں میں دُرگا پوجا کی تقریبات ہِلسا مچھلی کے بغیر مکمل نہیں ہوتیں۔ بیشتر گھرانے ہلسا مچھلی کو بھرپور عقیدت کے ساتھ پکاتے ہیں۔
پدما ہِلسا مچھلی بھارت کے دریاؤں میں بھی پائی جاتی ہے تاہم بنگلا دیش کے دریاؤں میں پائی جانے والی پدما ہِلسا مچھلی (جو مغربی بنگال میں اِلش کہلاتی ہے) زیادہ لذیذ ہوتی ہے اور لوگ اِس کے لیے کہیں زیادہ قیمت دینے کو بھی تیار رہتے ہیں۔
انڈیا ٹوڈے نے ایک رپورٹ میں بتایا کہ گزشتہ برس بنگلا دیشی حکومت نے خصوصی طور پر چار میٹرک ٹن یعنی چار ہزار کلو گرام ہِلسا مچھلی مغربی بنگال بھجوائی تھی۔
اِس سال معاملہ بہت مختلف ہے کیونکہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں کشیدگی در آئی ہے اور بنگلا دیش کی عبوری حکومت نے ہِلسا مچھلی کی برآمد پر پابندی عائد کردی ہے۔
بنگلا دیش سے پھر بھی چوری چُھپے ہلسا مچھلی مغربی بنگال سے ہوتی ہوئی دہلی تک پہنچ رہی ہے۔ اس وقت بھارت میں دُرگا پوجا کے تہوار کی تیاری ہو رہی ہے اور لوگ ہلسا مچھلی کھانے کو بے تاب ہیں۔ ایک کلو گرام سے 1300 گرام تک کی ایک ہلسا مچھلی اس وقت 2200 سے 2400 روپے (تقریباً 7 ہزار پاکستانی روپے) میں فروخت ہو رہی ہے۔