Aaj Logo

اپ ڈیٹ 08 ستمبر 2024 09:33pm

ہمیں جلسے سے نہیں ان کے کرتوتوں سے ڈر لگتا ہے، عظمیٰ بخاری

وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ ہمیں جلسے سے نہیں ان کے کرتوتوں سے ڈر لگتا ہے، ان کے فتنے فساد پر اعتراض ہے، حالات خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، آج اسلام آباد میں تماشہ ہونے جارہا ہے، سرکاری وسائل استعمال کرکے عوام کو جلسے میں لایا جارہا ہے۔ بانی پی ٹی آئی جلسے جلوسوں سے باہر نہیں آسکتے، وہ اپنے اعمال کا حساب دے کر ہی جیل سے باہر آ سکتے ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ آج اسلام آباد میں تماشہ ہونے جا رہا ہے، پہلے جلسہ ملتوی کرنے کا ریٹ فی بندہ 5 ہزار روپے تھا، پتہ نہیں آج کتنا ہوگا؟ وزیراعلیٰ کے پی کل سڑکوں پر بھاگ رہے تھے، یہ حقیقی آزادی کس سے لینا چاہتے ہیں؟ امریکا کے آگے آپ لیٹ گئے، اسٹیبلشمنٹ کے پاؤں پڑ رہے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آج پورے سرکاری وسائل کو استعمال کرکے پشاور سے لایا جائیگا۔ جلسے سے پہلے لوگوں کو 5 ہزار روپے دیے گئے، ان کا مقدر جلسے جلوس نکالنا ہے، ان کو حقیقی آزادی کس سے لینی ہے۔ مریم نواز پنجاب کے عوام کو ہر طرح کا ریلیف دیں گی۔

جنرل ضیاء الحق قبر سے اُٹھ کر آ جائیں تو بھی پی ٹی آئی کو جلسے سے نہیں روک سکتے، شوکت بسرا

وزیراطلاعات پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد جلسے کے لیے پختونخوا کے عوام کے وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں، ہمیں ان کے جلسوں سے نہیں کرتوتوں سے ڈر لگتا ہے لیکن کسی کو حالات خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جلسہ کرنے پر نہ کل اعتراض تھا نہ آج اعتراض ہے، فتنہ فساد کرنے پر آج بھی اعتراض ہے اور کل بھی تھا۔

پی ٹی آئی کا جلسہ: اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستے کنٹینرز لگاکر بند، جلسہ گاہ سے بارودی مواد برآمد

انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اسرائیلی بھی بانی پی ٹی آئی کی محبت میں مرے جا رہے ہیں، پی ٹی آئی والے 9 مئی کو پاکستان کی سالمیت پر حملہ آور ہوئے۔ نہیں معلوم آج کتنے اقبال خان خیبرپختونخوا سے اسلام آبادآئیں گے۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ نیب قوانین سے فائدہ اٹھانے کے لیے سب سے پہلی درخواست بانی پی ٹی آئی کی ہے، دوسروں کو چور کہنا والا خود اپنے کیے کی سزا بھگت رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان جلسے جلوسوں سے باہر نہیں آ سکتے، وہ اپنے اعمال کا حساب دے کر ہی جیل سے باہر آ سکتے ہیں، خیبرپختونخوا کے لوگوں کی بدقسمتی ہے کہ انہیں نئے پاکستان کا ٹیکہ لگا، بانی پی ٹی آئی مکافات عمل کا شکار ہیں، خیبرپختونخوا کے عو ام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، پی ٹی آئی و الے خود آپس میں لڑ رہے ہیں۔

Read Comments