امریکا اور برطانیہ کے خفیہ اداروں کے سربراہوں نے عالمی حالات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا خطرناک موڑ پر کھڑی ہے۔ غزہ اور یوکرین کی لڑائی کا روکا جانا لازم ہے۔
لندن میں برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کے تحت منعقدہ تقریب کے دوران خصوصی مشترکہ انٹرویو میں سی آئی اے کے سربراہ بل برنس اور ایم آئی سکس کے سربراہ رچرڈ مورے نے کہا کہ دنیا کو سرد جنگ کے خاتمے کے بعد کی خطرناک ترین صورتِ حال کا سامنا ہے۔ لازم ہے کہ معاملات کو درست کرنے پر توجہ دی جائے۔
دونوں خفیہ اداروں کے سربراہوں کا کہنا تھا کہ ہم نے غزہ کا بحران ختم کرانے کی سر توڑ کوشش کی ہے۔ اس حوالے سے معاملات تھوڑے سے آگے بڑھے ہیں۔ یرغمالیوں کے حوالے سے نئی تجاویز بھی سامنے آئی ہیں۔ حماس اور اسرائیل دونوں کو بعض معاملات میں سمجھوتا کرنا پڑے گا اور سیاسی سطح پر سخت فیصلے کرنا ہوں گے۔
بل برنس اور رچرڈ مورے کا کہنا تھا کہ غزہ میں لڑائی کا فوری طور پر روکا جانا لازم ہے اور یوکرین کی لڑائی کا بھی کوئی معقول اور جامع حل تلاش کیا جانا چاہیے۔ اِن دونوں قضیوں سے عالمی سطح پر امن برقرار رکھنے کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہے۔
دونوں خفیہ اداروں کے سرابراہوں کا کہنا تھا کہ عالمی نظام کو جتنا خطرہ اس وقت لاحق ہے، سرد جنگ کے خاتمے کے بعد سے اب تک کبھی لاحق نہ تھا۔ روس نے جدید ترین ٹیکنالوجیز کا سہارا لے کر امریکا اور یورپ کے خلاف میڈیا کی سطح پر گمراہ کن پروپیگنڈا تیز کردیا ہے۔ امریکا اور یورپ کے درمیان بدگمانی پیدا کرنے کی بھی کوشش کی جارہی ہے۔ اس کے نتیجے میں عالمی امن کو خطرات لاحق ہیں۔