اولاد کے جوان ہونے کے بعد والدین کے آرام کے دن آتے ہیں، کیونکہ تب ان کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ والدین کو کما کر دیں۔
لیکن بھارت میں ایک بوڑھی خاتون جوان بیٹے کے باوجود خود روزگار کمانے پر مجبور ہے۔
روزگار کیلئے رات کو آٹو رکشہ چلانے والی معمر خاتون کی ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرلی ہے۔
آیوش گوسوامی نامی بھارتی تخلیق کار نے خاتون کی یہ ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی جسے 60 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔ خاتون کی متاثر کن کہانی نے صارفین کو غمزدہ کردیا۔
روزمرہ کے معمولات کے بارے میں بات کرتے ہوئے 55 سالہ آیوش گوسوامی نے کہا کہ وہ شام کو اپنا آٹو چلاتی ہیں اور رات گھر واپسی دیر سے ہوتی ہے۔ وہ اکیلی ماں ہے اور اسے اپنے بیٹے کی طرف سے بالکل بھی سپورٹ حاصل نہیں۔
خاتون کا کہنا تھا کہ سب کی اپنی اپنی مجبوری رہتی ہے۔ گھر سے پریشان رہتے ہیں، تو رات میں گاڑی لیکر نکلنا پڑتا ہے۔ کیا کریں ہر کسی کی اپنی اپنی مجبوریاں ہوتی ہیں۔ میرے گھر میں پریشان کن ماحول ہے، اس لیے میں شام کو باہر نکلنا پسند کرتی ہوں۔ خاتون نے مزید کہا کہ وہ کام کے لیے باہر نکلنے سے پہلے اپنے گھر کے کام مکمل کرتی ہیں۔
بوڑھی خاتون آیوش گوسوامی نے اپنے بیٹے سے متعلق بتایا کہ میرا ایک بیٹا ہے اور وہ کوئی کام دھندہ نہیں کرتا ہے۔ الٹا مجھ سے لڑ جھگڑ کر پیسے لے لیتا ہے۔ میری اولاد میری عزت نہیں کرتی تو میں کیا بولوں گی؟ بھیک مانگنے سے بہتر ہے کہ میں کوئی کام کرلوں۔
ویڈیو پر متعدد صارفین نے بزرگ خاتون کے بیٹے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ زندگی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے خاتون کا جذبہ اور لگن ایک بہترین مثال ہے۔