وزیر داخلہ محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ دہشت گردوں کو ہتھیار ڈالنے کا موقع دے رہے ہیں، ریاست کے خلاف بندوق اٹھانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے، دین کے نام پر دہشت گرد فتنہ و فساد برپا کررہے ہیں، ریاست کو تسلیم کرنے والوں کو معافی ملے گی۔
اسلام آباد میں علمائے کرام سے ملاقات کے دوران وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ 6 ستمبر 1965ء پاکستان کی تاریخ کا ناقابل فراموش دن ہے، 6 ستمبرکو پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے مادر وطن کا بھرپور دفاع کیا۔ رات کی تاریکی میں حملہ آور بزدل دشمن کو پاک فوج نے داندن شکن جواب دیا۔ افواج پاکستان کے جری سپوتوں نے بے مثال بہادری سے دشمن کو پسپا کیا۔
سیاسی نقطہ نظر میں اختلاف کو نفرتوں میں نہ ڈھلنے دیں، آرمی چیف کا یوم دفاع و شہدا کی تقریب سے خطاب
محسن نقوی نے شہدا کی قربانیاں اور فوجی جوانوں کی جرأت و بہادری ہماری پہچان اور فخر ہیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، پاک وطن کے جوانوں نے اپنی لازوال قربانیوں سے ثابت کیا کہ قومیں جنگیں ہتھیاروں سے نہیں بلکہ ایمان اور حوصلے سے جیتتی ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ تاریخِ عالم پاک فوج کی بہادری کی لازوال داستانیں رقم کرنے کی کوئی دوسری مثال پیش کرنے سے قاصر ہے، دفاعِ وطن کے لیے جان نچھاور کرنے والے بہادر سپوتوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔ دفاع وطن کے لیے اپنی قیمتی جانیں نچھاور کرنے والے شہدا ہماری آن،بان اور شان ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم شہدائے وطن اور ان کے خاندانوں سے مکمل یکجہتی کااظہار کرتی ہے۔ یہ دن ہمیں اپنے فوجی جوانوں کی بہادری اور عزم کی یاد دلاتا ہے، ہم آج اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ وطن کے دفاع کی خاطر اپنی جانوں کی قربانی سے بھی گریز نہیں کریں گے۔