پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان پر پنجاب میں درج مقدمات کی تفصیلات منظر عام پر آگئیں، سابق وزیراعظم کے خلاف پنجاب کے مختلف اضلاع میں 48 مقدمات درج ہیں جبکہ ایف آئی اے میں ایک ،اینٹی کرپشن مین 2 اور نیب میں 3 انکوائریاں زیر التوا ہیں۔
جسٹس فاروق حیدر کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے سابق وزیراعظم عمران خان پر درج مقدمات کی تفصیلات کی درخواست پر سماعت کی، دوران سماعت پنجاب پولیس، اینٹی کرپشن، ایف آئی اے اور نیب نے درج مقدمات اور انکوائری رپورٹس جمع کرائیں۔
وکیل پنجاب حکومت کی رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان پر مختلف اضلاع میں 48 مقدمات درج ہیں، بانی پی ٹی آئی پر لاہور میں پنجاب پولیس کی جانب سے 18، شیخوپورہ میں 7، گوجرانوالہ میں 1، راولپنڈی میں 13، اٹک میں 2 فیصل آباد میں 5 جبکہ سرگودھا اور میانوالی ایک ایک مقدمہ درج ہے۔
عمران خان کی 6 اور بشریٰ بی بی کی ایک مقدمے میں عبوری ضمانت میں توسیع
سرکاری وکیل کے مطابق عمران خان پر اینٹی کرپشن شیخوپورہ اور ڈی جی خان میں 2 انکوائریاں زیر التوا ہیں، ایف آئی اے میں ریاست سے بغاوت کی ایک انکوائری زیر التوا ہے جبکہ سابق وزیراعظم پر نیب کے 3 کیسز بھی زیر التوا ہیں، جس میں 190 ملین پاؤنڈ اور توشہ خانہ کی 2 انکوائریاں بھی شامل ہیں۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر پنجاب حکومت، سیکرٹری ہوم ڈیپارٹمنٹ اور وفاقی حکومت کو بھی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر رپورٹ عدالتی حکم کے مطابق نہ ہوئی تو قانون اپنا راستہ لے گا، بعدازاں عدالت نے مزید کارروائی 12 ستمبر تک ملتوی کردی۔