اندرون سندھ موسلا دھاربارشوں اور سیلاب سے تباہی، لوگ بے یارو مددگار، مٹھی کے متاثرہ خاندانوں نے تھرپارکراور حیدرآباد کا رخ کرلیا، تھرکے مختلف ٹیلوں پرعارضی کیمپ قائم کرلیے۔
اندرون سندھ موسلادھار بارشوں اور سیلاب نے سب کچھ تہس نہس کردیا، بے یارومددگار لوگ سڑکوں پر آگئے۔مٹھی کے متاثرہ خاندانوں نے تھرپارکر اور حیدرآباد کا رخ کرلیا۔ کئی افراد نے مٹھی حیدرآباد مرکزی شاہراہ پر پناہ لے لی ہے۔
سیکڑوں خاندانوں نے تھر کے مختلف ٹیلوں پر عارضی کیمپ قائم کردیے۔ ضلع بدین تحصیل گولاڑچی سمیتتحصیل جھڈو اور گردونواح میں موسلادھار بارشوں کے باعث سیکڑوں کچے مکانات گر جبکہ کئی مویشی مرگئے۔
اپنے چھوٹے سے آشیانوں میں عزت کی زندگی گزارنے والے آج کھلے آسمان تلے حسرت و یاس کی تصویر بنے ہوئے ہیں نوبت فاقوں تک آگئی ہے مگر پھر بھی ضلع انتظامیہ مدد کو نہ آئی۔
صاف پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے متاثرین جوہڑ کا گندا پانی پینے پر مجبور ہیں جو بیماریاں پھیلانے کا باعث بن رہا ہے، لوگ مزدوری سے بھی محروم ہوچکے ہیں، گندگی اور جمع شدہ سیلابی پانی نے مچھروں کی افزائش بھی بڑھادی، متاثر خاندانوں نے حکومت سندھ، ضلعی انتظامیہ اور مخیر حضرات سے مدد کی درخواست کردی۔