بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں مایوس کن کارکردگی دکھانے والے پاکستانی ٹاپ آرڈر بلے باز بابراعظم گزشتہ 5 سال کے دوران پہلی بار ٹاپ 10 بیٹرز کی دوڑ سے باہر ہوگئے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ پلیئرز کی رینکنگ جاری کردی، جس کے مطابق بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں مسلسل ناقص کاکردگی کے باعث بابراعظم ٹاپ 10 بلے بازوں کی فہرست سے باہر ہوگئے۔
آئی سی سی کی جاری کردہ رینکنگ بابر اعظم 3 درجہ تنزلی کے بعد نویں سے 12 ویں نمبر پر پہنچ گئے، بنگلادیش کے خلاف سیریز میں بابر اعظم کی پرفارمنس انتہائی ناقص رہی، 4 اننگز میں صرف 64 رنز جوڑ سکے۔
قومی بلے باز پچھلی 16 اننگز میں ایک نصف سنچری بھی نہیں بناسکے جبکہ سعود شکیل کی بھی 7 درجہ تنزلی ہوگئی۔
نئی ٹیسٹ رینکنگ: کس کھلاڑی نے بابر اعظم سے تیسری پوزیشن چھینی؟
پنڈی ٹیسٹ میں شکست: بابر اعظم کی ریٹائرمنٹ کی خبریں گونجنے لگیں
پاکستان کے محمد رضوان کی 10 ویں پوزیشن برقرار ہے جبکہ انگلینڈ کے جو روٹ کی نمبرون پوزیشن مزید مستحکم ہے۔
اس کے علاوہ ٹاپ 10 بولرز میں پاکستان کا کوئی کھلاڑی شامل نہیں، ٹاپ 10 بولرز سے شاہین شاہ آفریدی کی بھی چھٹی ہوگئی جو ایک درجے تنزلی کے بعد 11 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔
بنگلہ دیش سے وائٹ واش کے بعد پاکستان ٹیم کی ٹیسٹ رینکنگ بھی میں بھی تنزلی ہوئی ہے جو چھٹے سے آٹھویں نمبر پر چلی گئی ہے،پاکستان کے موجودہ رینکنگ میں پوائنٹس 76 ہیں جو 1965 کے بعد ٹیسٹ میچوں میں قومی ٹیم کے کم ترین ریٹنگ پوائنٹ ہیں۔