Aaj Logo

شائع 02 ستمبر 2024 09:15pm

’ہمارا الگورتھم اتنا ہوشیار نہیں‘، ایکس آپ کی فیڈ کیلئے کیسے پوسٹس چُنتا ہے، ایلون مسک نے بتا دیا

اکثر آپ سوشل میڈیا خصوصاً ”ایکس“ استعمال کرتے ہوئے سوچتے ہوں گے کہ میری فیڈ پر ایک ہی قسم کی پوسٹس کیوں آرہی ہیں؟ حالانکہ آپ کو اس قسم کی پوسٹس پسند بھی نہیں ہوتیں۔ تو اس کا جواب “ایکس لے سربراہ ایلون مسک نے خود دیا ہے۔

ایلون مسک نے ایکس کے الگورتھم اور اس کے کام کرنے کے طریقے سے متعلق ایک پوسٹ کی ہے۔ جس میں انہوں نے اعتراف کیا کہ ان کا الگورتھم ’کچھ خاص ہوشیار نہیں ہے‘۔

ایلون مسک کے مطابق، آپ کی فیڈ پر جو بھی پوسٹ پاپ اپ ہوتی ہے اس کے پیچھے کی وجہ آپ خود ہیں۔ آپ کی پسندیدگیاں، شیئرز اور جو پوسٹس آپ دیکھتے رہتے ہیں وہی مواد کو آپ کو دوبارہ دکھایا جاتا ہے۔

مسک بتاتے ہیں کہ ایکس کا الگورتھم بنیادی طور پر ایک آئینہ ہے، جو ان عنوانات اور اکاؤنٹس کی عکاسی کرتا ہے جن کے ساتھ آپ سب سے زیادہ انٹرایکٹ کرتے ہیں۔ اگر آپ بلیوں کی ویڈیوز دیکھنے میں بہت زیادہ وقت صرف کر رہے ہیں، تو اس میں حیران ہونے کی ضرورت نہیں آپ کی فیڈ بلیوں سے کیوں بھر گئی۔

تاہم، سوال اٹھتا ہے کہ اس انتہا پسندانہ مواد کا کیا ہوگا جو ٹائم لائن پر دکھتا ہے حالانکہ نہ ہی ایسا کوئی مواد پوسٹ کیا گیا، نہ اسے لائک کیا ہے، اور نہ ہی اسے شیئر کیا گیا۔

مسک نے پوسٹ میں مزید کہا، ’ایک مضبوط ترین سگنل یہ ہے کہ اگر آپ ایکس پوسٹس کو دوستوں کو فارورڈ کرتے ہیں، تو یہ (الگورتھم) فرض کرتا ہے کہ آپ کو وہ مواد بہت پسند ہے، کیونکہ آپ نے اسے آگے بڑھانے کے لیے کوشش کی‘۔

مسک کا دعویٰ ہے کہ اگر آپ کبھی بھی کسی کے ساتھ پوسٹ شیئر کرنے کی کوشش کرتے ہیں، تو ایکس فرض کرتا ہے کہ آپ کو یہ واقعی اہم لگ رہی ہے۔ لہٰذا، یہ آپ کو مزید اسی طرح کا مواد دکھانا شروع کر دیتا ہے۔

مسک کا کہنا ہے کہ یہ اس بات سے قطع نظر ہے آپ وہ پوسٹ دیکھ کر ناراض ہوئے ہوں۔ کیونکہ ایکس فی الحال اتنا ”ہوشیار“ نہیں ہے کہ اس پیچیدگی کو سمجھ سکے کہ کوئی شخص اسے کیوں شیئر کر رہا ہے۔

Read Comments