ملک بھر میں مون سون بارشوں کا نیا اسپیل رنگ جمانے کو تیار ہے، خلیج بنگال سے ہواؤں کا نیا سلسلہ پاکستان میں داخل ہو گا، محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف شہروں میں مزید بارش ہونے کی پیشگوئی کردی جبکہ بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ اور وسطی میدانی علاقوں میں طغیانی اور اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔
خلیج بنگال سے پاکستان میں داخل ہونے والی ہوائیں آج اور کل بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش برسنے کا سبب بن سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم کشمیر، خیبر پختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پھوٹھو ہار، اسلام آباد، شمال مشرقی بلوچستان، اندرون سندھ اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے، اس دوران شام/رات میں بالائی خیبرپختونخوا اور خطہ پوٹھوہار میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کی توقع ہے۔
اسلام آباد اور گرد و نواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے نئی ایڈوائزری جاری کر دی جس میں کہا گیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
سمندری طوفان ’اسنیٰ‘ کمزور ہو کر واپس ڈیپ ڈپریشن میں تبدیل
پی ڈی ایم اے کے مطابق چارسدہ، ہنگو، کرم، جنوبی و شمالی وزیرستان، بنوں، ڈی آئی خان میں موسلادھار بارش متوقع ہیں جبکہ بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ اور وسطی میدانی علاقوں میں طغیانی اور اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے تمام ضلعی انتظامیہ کو موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا، ضلعی انتظامیہ کو چھوٹی بڑی مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ادھر سمندری طوفان اسنیٰ گوادر سے 370 کلو میٹر دور ہو گیا، محکمہ موسمیات نے ٹراپیکل سائیکلون کا دسواں الرٹ بھی جاری کر دیا۔
سمندری طوفان شمال مغربی بحیرہ عرب میں موجود ہے جس کے پیش نظر بلوچستان کے ماہی گیروں کو گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، خوشاب، سرگودھا اور میانوالی میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے جبکہ شام یا رات کے اوقات میں خطہ پوٹھوہار میں چند مقامات پر موسلادھار بارش ہونے کی توقع ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آسمان پر بادلوں کا راج ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے آج بارش کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع میں آج اور کل بارش کا امکان ہے کیونکہ آج سے مرطوب ہوائیں خلیج بنگال سے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی جس سے دیر، چترال، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، باجوڑ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، باجوڑ، مہمند، خیبر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان، چارسدہ، ہنگو، کرم، جنوبی و شمالی وزیرستان، بنوں اور ڈی آئی خان میں بارش کا امکان ہے۔
ملک میں مون سون بارشیں 2 تا 5 ستمبر تک جاری رہیں گی، این ڈی ایم اے ایڈوائزری
اس کے علاوہ تیز بارش کے باعث بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ اور میدانی علاقوں میں طغیانی اور اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے اس لیے پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کردی۔
بلوچستان میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے آج بھی بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ سے بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
ژوب، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، موسیٰ خیل، بارکھان، مستونگ، خضدار، لسبیلہ، آواران، نصیر آباد، سبی، بارکھان، کوہلو، بولان، پنجگور اور مکران میں موسلادھار بارش بھی متوقع ہے جبکہ حب ڈیم بھر جانے کے بعد اسپل وے سے اضافی پانی کا اخراج جاری ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق یکم جولائی سے اب تک بارشوں سے 18بچوں سیمت 33 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ 11 بچوں سمیت 15 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
بارشوں سے 895 گھر مکمل منہدم اور 13 ہزار 986 گھروں کو جزوی نقصان ہوا جبکہ بارشوں سے ایک لاکھ 11 ہزار 416 افراد متاثر ہوئے۔
صوبے میں طوفانی بارشوں سے 58 ہزار 918 ایکڑ رقبے پر کاشت فصلیں تباہ اور 66 کلو میٹر سڑکیں متاثر ہوئیں اور 4 ہیلتھ کیئر یونٹس کو بھی نقصان پہنچا۔
سیلابی ریلے انے سے بارشوں کےدوران 373 مویشی ہلاک ہوئے جبکہ قومی شاہرات پر قائم 7 پلوں کوبھی نقصان پہنچا۔ افت زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
پوسٹ مون سون: ستمبر کے دوران ملک بھر میں بارشوں کا نیا سلسلہ آئے گا
محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں درجہ حرارت 31، قلات میں 28، ژوب میں 24، زیارت میں 20، نوکنڈٰی اور تربت میں 35، سبی میں 32، گوادر میں 29 اور جیونی میں 28 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم تھر پارکر، عمر کوٹ، مٹھی، میرپور خاص اور گرد و نواح میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقا مات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی پیشگوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں مطلع جزوی ابر آلود ہے جبکہ سورج اور ہلکے بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی جاری ہے۔
شہر کے درجہ حرارت میں آج ایک سے 2 ڈگری اضافہ متوقع ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ موجودہ درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 88 فیصد ہے۔
موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں آج بوندا باندی کا امکان ہے، مرطوب ہوائیں خلیج بنگال سے بالائی حصوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، آج ایک مغربی لہر ملک کے مغربی حصوں پر اثر انداز ہوگی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت سندھ میں 3 ستمبر سے گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں، بارشوں کا سلسلہ 4 ستمبر تک جاری رہے گا۔