اسلام آباد: قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کی شام 5 بجے طلب کرلیا گیا، 20 نکاتی ایجنڈا بھی جاری ہوگیا۔ توجہ دلاؤ نوٹس سمیت نجکاری کمیشن ترمیمی بل 2024 بھی پیش کیا جائے گا۔
اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوگا۔ وزیر خزانہ سال 2023-24 کیلئے آڈیٹر جنرل کی رپورٹ ایوان کے سامنے رکھیں گے اور اسٹیٹ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی ششماہی رپورٹ ایوان میں پیش کریں گے۔
کارپوریٹ فارمنگ کیلئے دی گئی 48 لاکھ ایکڑاراضی سے آبی بہاؤ میں تبدیلی پر توجہ دلاؤ نوٹس ایجنڈے میں شامل ہے۔
وزیرخارجہ غیر ملکی دستاویزات کے قانونی جواز کے خاتمہ پر کنونشن کو مؤثر بنانے کا بل منظوری کیلئے پیش کریں گے، جبکہ وزیردفاع، بھنگ کے کنٹرول اور انضباطی اتھارٹی کا بل 2024 قانون سازی کے لئے پیش کریں گے۔ ٹیلی کمیونیکیشن اپیلٹ ٹربیونل کے قیام کا بل 2024 اور نجکاری کمیشن ترمیمی بل بھی پیش کیا جائےگا۔
کراچی یونیورسٹی سنڈیکیٹ نے ہائی کورٹ کے جج کی ڈگری منسوخ کردی
وزیرقانون، قومی کمیشن حقوق بچگان کی سالانہ رپورٹ 2023-24 اورالیکشن کمیشن کی سالانہ رپورٹ 2023 قومی اسمبلی کے سامنے رکھیں گے۔ اس کے علاوہ بیرون ممالک میں گداگری کرکے بدنامی کا باعث بننے والوں سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔