امریکی ریاست فلوریڈا میں پولیس نے ایک عورت کو اپنے پارٹنر کی بیٹی کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ 34 سالہ ٹائشیل ایلیزا مارٹن پر الزام ہے کہ اُس نے اپنا پالتو کتا 9 سالہ جیمیریا سیشنز پر چھوڑ دیا تھا۔
کتے نے بچی کو بھنبھوڑ کر زخمی کردیا تھا۔ طبی امداد ملنے سے پہلے ہی اُس کی موت واقع ہوگئی۔ جب پیرامیڈکس کال کیے جانے پر اپارٹمنٹ میں داخل ہوئے تو بچی کو خون میں لت پت پایا۔ کتے نے اُسے بُری طرح کاٹا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اپنے پالتو کتے کو ہدایت دے رہی ہے کہ بچی پر حملہ کرکے اُسے مار ڈالے۔
عورت نے یہ پورا معاملہ اپنے پارٹنر لوجوآن سیشنز سے چھپایا۔ باپ نے جب پوچھا کہ بیٹی کہاں ہے تو ٹائشیل ایلیزا نے بتایا کہ اُسے اُس کی ماں کیلیفورنیا لے گئی ہے۔ کچھ ہی دیر میں معلوم ہوگیا کہ وہ غلط بیانی سے کام لے رہی ہے۔ ایمرجنسی نمبر پر کال کرنے سے معلوم ہوا کہ اُس کی بیٹی کی لاش اسپتال میں ہے۔
پولیس کے تفتیشی افسران نے وارنٹ کے ذریعے جب گھر کے سی سی ٹی وی سسٹم کی فوٹیج حاصل کی تو معلوم ہوا کہ گھر کا پالتو روٹویلا کتا بچی پر حملے کر رہا ہے، کتے کا پٹا ٹائشیل ایلیزا نے تھام رکھا ہے اور وہ کتے کو بار بار کہہ رہے ہے کہ بچی پر حملہ کرے۔
ٹائشیل ایلیزا مارٹن کو گرفتار کرکے اس پر قتل، بچی کے حقوق کی پامالی اور دھوکا ہی کی دفعات کے تحت مقدمہ کرلیا گیا ہے۔ ان دفعات کے تحت درج مقدمات میں ضمانت بھی آسانی سے نہیں ہوسکتی۔