Aaj Logo

شائع 31 اگست 2024 08:29pm

حکومتی پالیسیوں سے دلبرداشتہ ہوکر ماہر معاشیات قیصر بنگالی نے تمام عہدے چھوڑ دیے

ماہر معاشیات ڈاکٹر قیصر بنگالی 3 حکومتی کمیٹیوں سے مستعفی ہوگئے، انھوں نے اپنا استعفیٰ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور سیکرٹری کابینہ کامران افضل کو بھجوا دیا۔ ڈاکٹر قیصر بنگالی کفایت شعاری، رائٹ سائزنگ اور اخراجات میں کمی کی کمیٹیوں کے رکن تھے۔

نجی ٹی وی کے مطابق ڈاکٹر قیصر بنگالی کا مؤقف ہے کہ حکومت اخراجات میں کمی کے لیے افسران کے بجائے چھوٹے ملازمین کو نکال رہی ہے۔ حکومت تینوں کمیٹیوں کی تجاویز کے برخلاف اقدامات کر رہی ہے، حکومت تجاویز کے برخلاف گریڈ 1 سے 16 کے ملازمین کو فارغ کر رہی ہے اور محکموں سے گریڈ 17 سے 22 کے افسروں کی نوکریوں کو بچایا جا رہا ہے۔

’کفایت شعاری مہم‘ ہوا کی نذر، سپلیمنٹری گرانٹس میں ریکارڈ اضافہ

ان کا کہنا تھا کہ سرکاری محکموں سے بڑے افسران کو ہٹایا جائے تو سالانہ 30 ارب روپے کے اخراجات کم ہوتے ہیں، معیشت تباہی کی طرف جا رہی ہے، معیشت قرضوں کی وجہ سے وینٹی لیٹر پر ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ حکومت نے اخراجات میں کمی کے لیے اچھی کوششیں کیں، حکومتی اخراجات میں کمی کے لیے تینوں کمیٹیاں بڑی اہم ہیں، اخراجات کم کرنے کے لیے تینوں کمیٹیوں نے تجاویز دیں۔

کفایت شعاری پلان : وزیراعظم کا کئی وزارتیں اور محکمے ختم کرنے کا فیصلہ

معاشی ماہر نے مزید کہا کہ تینوں کمیٹیوں نے 70 سرکاری اداروں اور 17 سرکاری کارپوریشنز کا جائزہ لیا، اخراجات میں کمی کے لیے 17 ڈویژن بند کرنےکی تجویز دی، اخراجات میں کمی کے لیے 50 سرکاری محکمے بند کرنےکی تجویز دی۔

Read Comments