Aaj Logo

شائع 31 اگست 2024 07:43pm

بیوی کو سزائے موت دلوانے کی کوشش کرنے والا خود پھنس گیا

سنگاپور کی ایک عدالت نے اس شخص کو چار سال قید کی سزا سنائی ہے جس نے اپنی بیوی کو منشیات کے کیس میں پھنساکر اُسے سزائے موت دلوانے کی کوشش کی تھی۔

ٹین ژیام کی شادی 2021 میں ہوئی تھی۔ ایک سال بعد ہی دونوں میں ان بن ہوگئی۔ وہ طلاق لینا چاہتے تھے مگر سنگاپور کے قانون کے مطابق طلاق کے لیے کیس شادی کے تین سال بعد فائل کیا جاسکتا ہے۔

ٹین ژیام چاہتا تھا کہ اس کی بیوی دنیا میں نہ رہے۔ وہ جانتا تھا کہ سنگاپور میں منشیات سے متعلق قوانین بہت سخت ہیں اور اگر اس کی بیوی کا مجرمانہ ریکارڈ ثابت ہوجائے تو طلاق کی راہ آسانی سے ہموار ہوسکتی ہے۔

بیوی کو منشیات کیس میں پھنساکر سزائے موت یا عمر قید دلوانے کے لیے ٹین نے جو چال چلی وہ الٹی پڑگئی اور بیوی کے بجائے وہ خود پھنس گیا۔

ٹین ژیام نے ایک سوشل میڈیا گروپ کے ذریعے آدھا کلو بھنگ خریدی اور بیوی کی کار میں چھپادی۔ اس کی بدقسمتی یہ تھی کہ کار میں کیمرا نصب تھا۔ جب کیمرے کی طرف سے بیوی کو نوٹیفکیشن موصول ہوا تو اُس نے پورا منظر لائیو دیکھا اور پولیس کو مطلع کیا۔

پولیس نے کار کی تلاشی لی تو بھنگ کا پیکٹ برآمد ہوا۔ ٹین کی بیوی کو گرفتار کرلیا گیا تاہم جب اس نے ویڈیو دکھائی اور شوہر کے بارے میں بتایا تب پولیس نے ٹین کو گرفتار کرلیا۔

ٹین کے وکیل نے اُسے شدید ڈپریشن میں مبتلا ہونے کی بنیاد پر بچانے کی کوشش کی تاہم جج نے کہا کہ اس امر کے کوئی سے بھی شواہد نہیں ملے کہ جرم کا ارتکاب کرتے وقت ٹین کسی ذہنی عارضے میں مبتلا تھا۔

Read Comments