Aaj Logo

شائع 31 اگست 2024 03:10pm

کارساز حادثہ کیس: پولیس کو ملزمہ سے منشیات کے مقدمے میں تفتیش کی اجازت مل گئی

کارساز حادثہ کیس میں ملزمہ نتاشا کے خلاف امتناع منشیات ایکٹ کا نیا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، تفتیشی افسر نے ملزمہ نتاشا سے تفتیش کی اجازت طلب کی، جس پر عدالت نے تفتیشی افسر کو جیل میں ضوابط کے مطابق تفتیش کی اجازت دے دی۔

ملزمہ نتاشا مرکزی مقدمے میں عدالتی ریمانڈ پر جیل میں ہے، ملزمہ کے خلاف میڈیکل رپورٹ کی بنیاد پر گذشتہ روز امتناع منشیات ایکٹ کے تحت نیا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

کار ساز حادثہ: ملزمہ نتاشہ کے شوہر دانش اقبال کی حفاظتی ضمانت منظور

ملزمہ نتاشا کے خلاف مذکورہ مقدمہ ایف آئی آر نمبر 242/2024 کے تحت درج کیا گیا، مقدمے میں ملزمہ نتاشا کے خلاف امتناع منشیات کی دفعہ 11 عائد کی گئی ہے۔

سب انسپکٹر ریحان خان کی مدعیت میں درج کی گئی ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ حادثے کے وقت ملزمہ نشے میں تھی، ملزمہ نتاشا کے نشے کی تصدیق میڈیکل کے ذریعے کرائے گئی، ملزمہ کے خون اور یورین کے نمونے لیبارٹری ٹیسٹ کے لئے بھیجے گئے جن میں میتھم فیٹامائن منشیات کے پائی گئی۔

میتھم فیٹامائن نامی منشیات کو آئس کے نام سے جانا جاتا ہے۔

کارساز واقعہ: پہلے حادثے کے بعد فرار کی کوشش میں دوسرا حادثہ ہوا

کیس کا پس منظر

یاد رہے کہ 19 اگست کو کراچی میں کارساز روڈ پر تیز رفتار گاڑی بے قابو ہو کر راہ گیروں پر چڑھ دوڑی تھی، حادثے میں باپ بیٹی جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے تھے جبکہ پولیس نے گاڑی چلانے والی خاتون کو گرفتار کرلیا تھا۔

حادثے میں موٹر سائیکل سوار عمران عارف اور اس کی بیٹی آمنہ جاں بحق جب کہ 4 شہری شدید زخمی ہوئے، عینی شاہدین نے بتایا کہ جیپ چلانے والی خاتون اپنے حواس میں نہیں تھی۔

جیپ چلانے والی خاتون نے موٹر سائیکلوں کو ٹکر مارنے کے بعد فرار کی کوشش میں ایک اورگاڑی کو بھی زوردار ٹکر ماری جس سےگاڑی تباہ ہوگئی تاہم معجزانہ طور پر کار سوار نوجوان محفوظ رہا، جب کہ ٹکر کے بعد جیپ بھی الٹ گئی۔

ڈی ایس پی ٹریفک بہادرآباد سیکشن غلام نبی نے کہا کہ خاتون نے کھڑی گاڑی اور موٹر سائیکلوں کو ٹکر ماری، خاتون کو علاقہ پولیس کے حوالے کردیا ہے جب کہ ہم نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا تھا۔

21 اگست کو سٹی کورٹ کراچی نے کار ساز ٹریفک حادثے کے کیس میں ملزمہ نتاشا کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا، واقعے میں باپ اور بیٹی تیز رفتار گاڑی کی ٹکر لگنے سے جاں بحق ہوگئے تھے۔

کارساز حادثے کے زخمی عبدالسلام کی پسلیاں ایک دوسرے میں گھسی ہوئی ہیں، پی ٹی آئی رہنما

23 اگست کو کراچی کے علاقے کارساز میں ایس یو وی گاڑی کی ڈرائیور نتاشا دانش کے ہاتھوں گاڑی تلے روند کر قتل کیے جانے کے واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔

23 اگست کو کارساز سروس روڈ حادثے کی نئی فوٹیج سامنے آگئی تھی جس میں پتا چلا ہے کہ خاتون نے اسی روڈ پر پہلے ایک سفید رنگ کی کرولا گاڑی اور ایک موٹر سائیکل کو ٹکر مار کر فرار ہونے کی کوشش کے دوران ایک اور موٹر سائیکل سوار باپ بیٹی کو روند ڈالا۔

Read Comments