مون سون کی حالیہ بارشوں کے بعد حب ڈیم مکمل طور پر بھر گیا ہے۔ دوسری طرف جہلم میں ڈومیلی کے علاقے بھاٹی میں منی ڈیم ٹوٹ گیا، ڈیم ٹوٹنے کی فوٹیج آج نیوز نے حاصل کرلی۔ جبکہ راول ڈیم میں پانی کی سطح ایک دفعہ پھر بلند ہونے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے اسپل ویز دوبارہ کھول دیئے ہیں۔
پانی کے لیے ترسے کراچی کے شہریوں کے لئے اچھی خبر سامنے آگئی۔ حب ڈیم بھرنے سے شہریوں کے لیے ڈھائی سال تک کا پانی ذخیرہ ہوگیا۔
مکمل طور پر بھرنے کے بعد ڈیم سے پانی کا اخراج شروع ہوگیا، جس کے بعد انتظامیہ نے حب ندی کے کنارے آباد لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔ اس حوالے سے ندی کے اطراف میں رہنے والے افراد کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
فوٹیج میں ڈیم سے پانی نکلتے دیکھا جاسکتا ہے، منی ڈیم مسلسل بارش سے دباو برداشت نہ کرنے کی وجہ سے ٹوٹا ہے۔
منی ڈیم ٹوٹنے سے پانی اردگرد آبادی میں داخل ہونے کا خطرہ ہے، جس کے بعد لوگ ارد گرد کے دیہاتیوں کو محفوظ رہنے کے لیے پیغام پہنچا رہے ہیں۔
دوسری جانب بارش سے مکان کی چھت اور دیوار گرنے کے واقعات بھی پیش آئے، دونوں واقعات میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
بارش سے ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقے زیرآب آچکے ہیں، بعض دیہاتوں کا شہر سے زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔
دوسسری جانب راول ڈیم میں پانی کی سطح ایک دفعہ پھر بلند ہو گئی ضلعی انتظامیہ کا راول ڈیم کے سپل ویز دوبارہ کھول دیئے گئے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے احتیاطی تدابیر جاری ضلعی انتظامیہ نے کہا کہ شہری ندی نالوں کی جانب جانے سے اجتناب کریں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق نشیبی علاقوں کے مکین احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد یقینی بنائیں، کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فی الفور 16 پر رابطہ کریں۔
ضلعی انتظامیہ نے ہدایت کی کہ مال مویشی کو بروقت محفوظ مقام پر منتقل کر لیا جائے، ندی نالوں اور پلوں کی سخت مانیٹرنگ جاری رکھی جائے گی، سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہنگامی اقدامات کی تیاری مکمل ہے۔