وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو پنجاب میں پروٹوکول نہ ملنے پر خیبرپختونخوا کے پرنسپل سیکرٹری عابد مجید نے پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری کو خط لکھا ہے۔
وزیراعلی خیبرپختونخوا کو پنجاب کے شہر فیصل آباد میں سیکیورٹی فراہم نہ کرنے پر حکومت پنجاب سے صوبائی حکومت کی جانب سے شکایت کی گئی ہے۔
اس سلسلے میں پرنسپل سیکرٹری ٹو چیف منسٹر خیبر پختونخوا عابد مجید کی جانب سے پنجاب کے پرنسپل سیکریٹری کو خط لکھا گیا ہے، خط میں کہا گیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے دورے سے چیف سیکیورٹی آفیسر پنجاب کو آگاہ کیا گیا تھا، اس کے باوجود فیصل آباد کے دورے پر انہیں کوئی سیکیورٹی فراہم نہیں کی گئی۔
پنجاب حکومت کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ وی وی آئی پیز کی سیکیورٹی سے متعلق خصوصی ہدایات درج ہیں جبکہ وزیراعلی خیبرپختونخوا کو پہلے سے ہی سیکیورٹی خطرات لاحق ہیں۔
صوبائی حکومت کے مراسلے میں درج ہے کہ پنجاب اور وفاق کی تمام اعلیٰ شخصیات کو خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فراہم کی جاتی ہے، پنجاب کو سیکیورٹی فراہم نہ کرنے کے فیصلے پر نظرثانی کرنی چاہیئہے۔
مراسلے میں وزیراعلی خیبرپختونخوا کو سیکیورٹی فراہم نہ کرنے پر وزیراعلی پنجاب کو بھی آگاہ کرنے سمیت معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے جاری مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ ایسے غیر ذمہ دارانہ رویے پر پنجاب پولیس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیئے۔