ڈنمارک نے پاکستان کے باکسر محمد وسیم کو ویزا دینے سے انکار کردیا ہے۔ دو بار ورلڈ باکسنگ کونسل کے تحت چاندی کا تمغہ جیتنے والے محمد وسیم کی ورلڈ ٹائٹل فائٹ 4 اکتوبر کو مالٹا میں ہونی ہے۔
محمد وسیم نے ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ دو بار ورلڈ چیمپین رہ چکے ہیں اور ویزا یہ کہتے ہوئے نہیں دیا جارہا کہ اس بات کا ڈر ہے کہ وہ یورپ پہنچ کر غائب ہوجائیں گے۔
محمد وسیم نے بتایا کہ میں دنیا بھر میں گھومتا رہا ہوں اور لندن میں اپنے ٹرینر کی ہدایات کے تحت ٹریننگ کی ہے۔ مجھے ورلڈ فائٹ کے لیے تیاری کے سلسلے میں پہلے سے مالٹا پہنچنا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ ڈنمارک کے سفارت خانے نے محمد وسیم کا پاسپورٹ 40 دن اپنے پاس رکھنے کے بعد ویزا دینے سے انکار کرتے ہوئے واپس کیا۔
محمد وسیم کو ورلڈ باکسنگ فیڈریشن کے تحت بینٹم ویٹر ٹائٹل کے لیے جنوبی افریقا کے سابیلو گیبنیانا سے مقابلہ کرنا ہے۔
محمد وسیم کا کہنا ہے کہ اُنہیں امید ہے کہ وہ سابیلو گیبنیانا کو شکست دیں گے۔ یہ ورلڈ فائٹ بہت اہم ہے۔ اس اہم موقع کو کسی طور ضائع نہیں ہونا چاہیے۔
محمد وسیم نے وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سے استدعا کی ہے کہ اس معاملے میں اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے ویزا دلوائیں۔
محمد وسیم 20 اگست 1987 کو کوئٹہ میں پیدا ہوئے۔ باکسنگ کی دنیا میں انہیں فالکن کی عرفیت سے پہچانا جاتا ہے۔ وہ واحد پاکستانی ہیں جنہوں نے ورلڈ باکسنگ کونسل کے تحت دو بار سلور چیمپین فلائی ویٹ ٹائٹل جیتا ہے۔
مزید پڑھیں :
پروفیشنل باکسر محمد وسیم رشتہ ازدواج سے منسلک
پاکستانی باکسر محمد وسیم کی ڈبلیو بی سی کے پہلے راؤنڈ میں شاندار فتح
محمد وسیم نے پاناما کے باکسر کو تیسرے راؤنڈ میں ناک آؤٹ کردیا