کراچی کے علاقے صدر لکی اسٹار کی کچرا کنڈی سے تین روز قبل بارہ سالہ بچی کی بوری بند لاش ملی تھی، جس کے قتل میں کینٹ اسٹیشن بس ٹرمینل کا چوکیدار ملوث نکلا ہے۔
بچی کی شناخت گنگا ولد ہری چند کے نام سے ہوئی جس کا تعلق باگڑی قوم سے تھا۔
ایس ایچ او فریئر عرفان میو نے بتایا کہ زیادتی کے بعد قتل ہونے والی بچی کے اہل خانہ سے بات ہوئی ہے جن کا کہنا ہے کہ بچی گنگا گزشتہ رات 10 بجے گھر سے روٹی لینے کینٹ اسٹیشن کی طرف گئی تھی جس کے ساتھ اس کی دوست بھی موجود تھی۔
مقتول بچی گنگا نے دوست کو گھر روانہ کردیا اور کہا کہ وہ آجائے گی جس کے بعد بچی کی لاش صدر تھانے کی حدود سے ملی۔
لاش کے پوسٹ مارٹم میں زیادتی کی تصدیق ہوئی اور پولیس نے تفتیش کو آگے بڑھاتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے دیگر دو چوکیداروں کے ساتھ مل کر بچی کے ساتھ زیادتی کی۔
پولیس کے مطابق ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے پہچانے جانے کے ڈر سے بچی کو قتل کیا، وردات میں ملوث دو دیگر ساتھی فرار ہوگئے ہیں۔