Aaj Logo

اپ ڈیٹ 28 اگست 2024 11:43am

پنجاب میں طوفانی بارشیں، ملتان میں بارشوں کا 48 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

لاہور سمیت پنجاب مختلف اضلاع میں طوفانی بارشیں ریکارڈ کی گئی جبکہ ملتان میں بارشوں کا اڑتالیس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، صرف دو گھنٹے میں ایک سوسینتالیس ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے.

تفصیلات کے مطابق جہلم، پنڈ دادن خان میں نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور چکوال، چوآسیدن شاہ کا نالہ بپھر گیا جس کے بعد پانی مرکزی شاہراہوں اور قریبی آبادیوں میں داخل ہوگیا۔

شکر گڑھ کے نالہ ہڈلہ میں طغیانی سے قریبی آبادی کے لوگ محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئے اور کوٹ ادو میں چھت گرنے سے خاتون جاں بحق ہوگئیں۔

چونیا‌ں میں بارش سے تین مختلف حادثات میں سات سالہ بچی سمیت دو افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔

لاشوں اور زخمیوں کواسپتال منتقل کردیا گیا۔ پہلے واقعہ المدد کالونی میں پیش آیا جہاں گھر کی چھت گرنے سے ایک بچی جاں بحق اور والدہ شدید زخمی ہوگئی۔

دوسرا واقعہ چاہ سمو والا میں ہوا۔ جہاں گھر میں گرنٹ آنے سے ایک خاتون اور شوہرجھلس کر زخمی ہوئے۔ تیسرا واقعہ سدھا میں پیش آیا جس میں گھر کی دیوار گرنے سے ساٹھ سالہ انور نامی شخص جاں بحق ہوگیا

Read Comments