سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان نے 28 اگست کو تاجروں کی ملک گیر ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا۔
جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے جامعہ مدنیہ جدید رائیونڈ میں مولانا سید محمود میاں کی زیر صدارت مجلس ختم نبوت اور جے یو آئی راہنماؤں کے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے 28 اگست کو تاجروں کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی اور ناجائز ٹیکس نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے، آئی ایم ایف کے حکم پر بنے بجٹ نے عوام کے منہ سے نوالا چھین لیا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جے یو آئی کارکن اس پرامن ہڑتال کو کامیاب بنائیں اور جے یو آئی بزنس فورمز ملک گیر ہڑتال میں بھرپور حصہ لیں۔
اجلاس میں 7 ستمبر کو گولڈن جوبلی ختم نبوت کانفرنس کے انتظامات پر مشاورت بھی کی گئی۔
مولانا فضل الرحمان نے اس کانفرنس کی اہمیت پر گفتگو کی اور انتظامی کمیٹیوں کو حتمی شکل دی۔
اجلاس کے شرکاء نے مولانا فضل الرحمان کو سپریم کورٹ میں حاضری اور مبارک ثانی کیس میں کامیابی پر خراج تحسین بھی پیش کیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کی سی سی آئی) نے بھی تاجروں کی 28 اگست کی ملک گیر ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔
ایف بی آر کی جانب سے چھوٹے کاروباروں اور خوردہ فروشوں کو بھاری ٹیکس نوٹس جاری کیے جانے کے بعد چیمبرز آف کامرس اور تاجروں کی تنظیموں نے ملک گیر ہڑتال شروع کرنے کی دھمکی دی تھی۔
تاجروں کی تنظیموں نے 60 ہزار روپے کے ٹیکس چالان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت کی جانب سے حال ہی میں شروع کی گئی تاجر دوست اسکیم (ٹی ڈی ایس) کے مقاصد کے خلاف ثابت ہوں گے۔